جرمن وزیر خارجہ کی مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات ‘ جرمن کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قربانیوں کی تعریف

پیر 31 اگست 2015 16:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) جرمنی نے کہا ہے کہ ساری دنیا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرتی ہے پاکستان سے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔یہ بات جرمنی کے وزیر خارجہ فرینگ والٹر نے وزیراعظم کے امور خارجہ اور قومی سلامتی کے بارے میں مشیر سرتاج عزیز سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو دنیا تسلیم کرتی ہے،جرمنی بھی پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کیخلاف کام کرنے پر تیار ہے،دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کو سراہتے ہیں،چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بھرپور تعاون کرینگے۔جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں،معیشت کے مضبوطی کے لئے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سرتاج عزیز نے کہا کہ جرمن وزیر خارجہ سے افغانستان کی صورتحال ، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر با ت چیت ہوئی ہے۔پاکستان اور جرمنی کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں اور ہم نے ان سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کو ختم کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے،آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے جس میں اہم کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں اور اس کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے، عالمی برادری کو پاکستان سے مل کر دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی بنانی چاہئے،پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت ادا کی ہے اور بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور جرمنی کا ہماری خارجہ پالیسی میں اہم مقام ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم تین ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان باہمی احترام کی بنیاد پر تمام ہمسایہ ملکوں سے اچھے تعلقات چاھتا ہے اور تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے طے کرنے پر یقین رکھتا ہے،جرمن وزیر خارجہ سے افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی ، پاکستان افغانستان میں امن و استحکام اور تعمیر نو میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

پاکستان میں فوجی عدالتوں کے قیام کے بارے میں ایک سوال پر سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کو غیرمعمولی حالات کا سامنا ہے ، دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے لئے صرف دو سا ل کے لئے یہ عدالتیں قائم کی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :