کراچی سے جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کیلئے قانون نافذکرنیوالے اداروں کی جانب سے ٹارگٹڈ آپریشن میں تیزی

پیر 31 اگست 2015 16:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) شہرقائد سے جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیئے قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے ٹارگیٹڈآپریشن میں تیزی آگئی ہے ۔اتواراور پیرکی درمیانی شب کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیوں میں 5ملزمان مارے گئے، جبکہ 3ملزمان سمیت 18افراد کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس کے مطابق رضویہ کے علاقے میں لیاری ندی کے قریب دہشت گرودوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی ۔

پولیس جب کارروائی والی جگہ پرپہنچی تو وہاں پر موجود دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ سے دوملزمان ہلاک ہوگئے، ہلاک ملزمان کے قبضے سے ایس ایم جی ہینڈ گرنیڈ اور پستول برآمد کیا گیا ہے۔ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت ابرار اور منیرکے ناموں سے ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ منگھوپیر کے علاقے خیرآباد میں اینٹی کار لفٹنگ سیل نے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر اسنیپ چیکنگ کی اور اس دوران موٹرسائیکل سوار 2ملزمان نے پولیس کی جانب سے رکنے کا اشارہ کرنے پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے دونوں ملزم ہلاک ہوگئے، ہلاک ملزمان سے اسلحہ اور گلشن اقبال سے چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔

ادھر کورنگی کے علاقے عوامی کالونی میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں 1ملزم ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق ملزم نے ڈیڑھ ماہ قبل ایس پی لانڈھی کے گارڈ کو فائرنگ سے زخمی اور وزیر اعلی کے کوآڑڈی نیٹر شاہ جہان سے 20دن قبل سرکاری ایس ایم جی بھی چھینی تھی۔ ادھرزمان ٹاؤن پولیس کی کارروائی میں 1ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزم سے اسلحہ اور بوٹ بیسن سے چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔

ادھرگلشن اقبال بلاک 13ڈی میں رینجرزنے کارروائی کے دوران 2افراد کو حراست میں لیا۔زیر حراست افراد میں علی لودھی اور فہیم شامل ہیں۔جبکہ ذرائع نے بتایا ہے کہ علی لودھی کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔ ایسٹ زون پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے 15مشکوک افراد کو حراست میں لے کر نا معلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :