سانحہ صفورا کے مرکزی دہشت گرد طاہر کے کوڈ ورڈز مل گئے

پیر 31 اگست 2015 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء)سانحہ صفورا کے مرکزی دہشت گرد طاہرعرف سائیں کے کوڈورڈزتحقیقاتی پولیس نے حاصل کرلئے ہیں۔ذرائع کے مطابق سانحہ صفورامیں ملوث دہشت گردوں سے تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے سانحہ صفوراکے مرکزی ملزم طاہرعرف سائیں کے کوڈ ورڈز ملزم کے گھر سے برآمد کیے جانے والے کمپیوٹر سے حاصل کرلیے ہیں۔

(جاری ہے)

ملزم طاہر عرف سائیں نے اپنے ساتھیوں کوانٹرنیٹ پر کہا تھا کہ آگ کے دریا پر آجاؤ جس کا مطلب گلستان جوہر میں کڑھائی کے ہوٹل آجاؤ، مسجد میں ملیں گے، اس کا مطلب اورنگی ٹاؤن کی مسجد میں مغرب کے بعد ملنا ہے، مٹھائی کی دکان پرآ جاؤ، اس کا مطلب پہلوان گوٹھ میں چائے کے ہوٹل پرآجاؤ۔جے آئی ٹی ذرائع نے بتایا کہ ملزم طاہر عرف سائیں اگراپنی بتائی ہوئی جگہ نہیں آسکاتواس کے ساتھی روزانہ مقررہ وقت پر اسی مقام پر چکر لگاتے رہیں گے، ملزم طاہر انتہائی چالاک اور ہوشیار ہے اور وہ کچھ عرصے بعد اپنے ٹھکانے تبدیل کرتا رہتا تھا ملزم طاہرعرف سائیں یونیورسٹی کے طالب علموں کو اپنے جال میں پھنساکر ان سے دہشت گردی کی واردات کرتاتھا۔