وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیرعبدالقادر بلوچ کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات، قائم علی شاہ کا سندھ میں وفاقی اداروں کی کارروائیوں پر شدید تحفظات کا اظہار ،ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری پر بھی تبادلہ خیال

پیر 31 اگست 2015 16:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر سیفران جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ نے وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی، جس میں قائم علی شاہ نے سندھ میں وفاقی اداروں خصوصاً نیب اور ایف آئی اے کی کارروائیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور سابق وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری بارے معلومات کا تبادلہ کیا، قائم علی شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری کی کوئی وجہ نہیں،سندھ کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،کرپشن کے خلاف کارروئیوں کی آڑ میں پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف مقدمات اور ان کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، وزیراعظم معاملے کا نوٹس لیں۔

پیر کو یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں وفاقی وزیر سرحدی امور جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی اہم ملاقات ہوئی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں کراچی آپریشن اور سابق وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری سے متعلق بات چیت کی گئی ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ملاقات کے دورا ن عبدالقادر بلو چ کو سندھ میں وفاقی اداروں خصوصاً نیب اور ایف آئی اے کی کارروائیوں پر تحفظات سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور افغانیوں کی وطن واپسی سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ملاقات میں کہا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری کی کوئی وجہ نہیں،سندھ کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،کرپشن کے خلاف کارروئیوں کی آڑ میں پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف مقدمات اور ان کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، وزیراعظم معاملے کا نوٹس لیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ کو ہدایت کی تھی کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کریں اور ان کے تحفظات دور کریں۔