لاہور ہائیکورٹ با ر ایسو سی ایشن کا کل سید امیر حیدر ایڈووکیٹ کے قتل کے خلاف یوم سیاہ منانے کا اعلان

پیر 31 اگست 2015 15:23

لاہور ۔31 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ با ر ایسو سی ایشن آج منگل کو سید امیر حیدر شاہ ایڈووکیٹ کے قتل کے خلاف یوم سیاہ منائے گی اور 11بجے دن کے بعد عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کرے گی ۔اس امر کا اعلان پیر کو لاہور ہائیکورٹ بار کے کیا نی ہال میں جنرل ہاؤس کے اجلاس میں کیا گیا۔ اس موقع پر وکلاء نے سا نحہ ڈسکہ کے حوالے سے احتجاجی کیمپ لگا کر احتجاج بھی کیا ۔

لاہور ہائیکورٹ بار کے جنرل ہاؤس کے اجلاس میں سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بیرسٹر محمد احمد قیوم ، نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ایم عرفان عارف شیخ سمیت وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پیر محمد مسعود چشتی نے سانحہ ڈسکہ کیس کی پیش رفت سے متعلق جنرل ہاؤس کو آگاہ کرتے ہوئے شرکاء کو بتایا کہ ملزم کی درخواست پر نئی عدالت میں 26 اگست کو کیس کی سماعت ہوئی اور اب یہ کیس لاہور ہائیکورٹ میں مسٹر جسٹس محمود مقبول باجوہ کی عدالت میں زیر سماعت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ماہ ستمبرمیں کیس کی سماعت مکمل ہو جائے گی۔ پیر محمد مسعود چشتی نے کہا کہ سید امیر حیدر شاہ ایڈووکیٹ کی شہادت پر ملک بھر کے وکلاء غمگین اور دکھی ہیں اور ان کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کو انکی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے روکا جا رہا ہے اور جو وکیل کسی بڑے کیس کی پیر وی کیلئے جا تا ہے اسکی جان کو اتنا ہی خطرہ لاحق ہوتا ہے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سید امیر حیدر شاہ ایڈوکیٹ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔اس موقع پرانس غازی ایڈووکیٹ نے زائر سکندر خان برکی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ و سابق سیکرٹری لاہور بار ایسوسی ایشن کی والدہ محترمہ ،آصف بشیر مرزا ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے والد ،شمیم الرحمن ملک، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ و سابق سیکرٹری لاہور بار ایسوسی ایشن کے والد ،رائے طارق سلیم، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے والد ،اسماعیل گجر ایڈووکیٹ ہائیکورٹ کی والدہ محترمہ ،ملک عمر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ (صادق آباد) ، والد ساجد عمر ،بلال کیانی ایڈووکیٹ ہائیکورٹ کے والد کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کرائی۔

اس موقع پر بار نے ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ سید امیر حیدر شاہ ایڈووکیٹ کے قاتلوں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔ اور وکلاء کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔