وزیراعلیٰ سندھ سے وفاقی وزیر عبد القادر بلوچ کی ملاقات،سندھ حکومت کاکراچی آپریشن اور ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری پر شدید تحفظات کا اظہار،وفاقی وزیر نے وزیر اعظم کا اہم پیغام پہنچایا

ملاقات میں کراچی آپریشن ،افغان مہاجرین کی واپسی اور رجسٹریشن سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

پیر 31 اگست 2015 15:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے وفاقی وزیر عبد القادر بلوچ نے ملاقات کی ہے جس میں کراچی آپریشن،افغان مہاجرین کی واپسی اور ان کی رجسٹریشن سمیت صوبے میں امن وامان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعلیٰ سندھ کی ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری ،بیورو کریسی میں مداخلت بارے شدید تحفظات کا اظہار کیا،وفاقی وزیر تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز وفاقی وزیر عبد القادر بلوچ نے کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے ملاقات کی ہے،وفاقی وزیر نے وزیر اعظم نواز شریف کا اہم پیغام وزیراعلیٰ سندھ کو پہنچایا ،وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری اور بیورو کریسی میں پائی جانے والی بے چینی پر وفاقی وزیر کو اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے سامنے تمام تحفظات کو سامنے رکھا تھا تاہم وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی یقین دہانی کے باوجود تحفظات کو دور نہیں کیا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن اور مختلف اداروں پر چھاپوں کے دوران اعتماد میں نہیں لیا گیا یہ براہ راست صوبائی حکومت میں مداخلت ہے،وفاقی وزیر عبد القادر بلوچ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تحفظات کو وزیر اعظم کے سامنے رکھیں گے ۔