ڈاکٹر عاصم نے پی ایم ڈی سی کو تباہ کیا، جعلی ڈگریوں کے جاری کرنے میں بھی ڈاکٹر عاصم کا ہاتھ ہے، تباہی کے ذمہ داروں کے خلاف کیسز نیب اور ایف آئی اے کو بھیجے جائیں گے،، وزیر مملکت برائے صحت ،خدمت، ضوابط و معاونت سائرہ افضل تارڑکی پریس کانفرنس

پیر 31 اگست 2015 14:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) وزیر مملکت برائے صحت ،خدمت، ضوابط و معاونت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عاصم نے پی ایم ڈی سی کو تباہ کیا، جعلی ڈگریوں کے جاری کرنے میں بھی ڈاکٹر عاصم کا ہاتھ ہے، تباہی کے ذمہ داروں کے خلاف کیسز نیب اور ایف آئی اے کو بھیجے جائیں گے، محکمہ صحت میں بے ضابطگیاں کرنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا، ہم نے جب سابق پی ایم ڈی سی سے میڈیکل کالجز کی فہرست مانگی تو اسلام آباد ہائیکورٹ چلے گئے کہ وزارت ہمارے معاملات میں مداخلت کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں مجھے بھی توہین عدالت کے کیس میں شامل کیا گیا، اب جہاں کرپشن ہو گی وہیں پر کارروائی ہو گی اور بلا امتیاز احتساب کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور سابق پی ایم ڈی سی سے بھی حساب لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو یہاں وزارت صحت کے دفتر میں پریس کانفرنس کر رہی تھیں۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ سابق پی ایم ڈی سی کو تحلیل کر دیا گیا ہے اور اب پی ایم ڈی سی کے نئے چیئرمین ڈاکٹر اظہر عیانی ہوں گے اور ان کے ساتھ ڈاکٹر عابد فاروقی اور ڈاکٹر ندیم رضوی معاون ہوں گے اور اس کے پہلے ممبران کی عتداد 81تھی جسے اب کم کر کے 35کر دیا گیا ہے تمام صوبوں کو اس میں بھرپور نمائندگی دی جائے گی اور 4ممبر ز وفاقی حکومت نامزد کرے گی اور 2لوگ غیر ڈاکٹرز ہوں گے جن میں سے ایک قومی اسمبلی اور ایک سینیٹ کا ممبر ہو گا، ہم نے نیا آرڈیننس بنایا ہے اور اسے 120دنوں میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کروایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پر الزام لگایا گیا کہ ہم پی ایم ڈی سی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں مگر ایسا نہیں، ہم نے حکومت مں ی آنے کے بعد جو صحت کے حوالے سے کام کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے، پی ایم ڈی سی کے آرڈیننس کے حوالے سے سینیٹ میں چیئرمین سینیٹ رضا ربانی اور اعتزا احسن نے کچھ اعتراضات اٹھائے تھے مگر اب ہم تمام پارٹیز کو بلا کر انہیں آگاہ کریں گے کہ یہ سب ملک کی بہتری کیلئے ہے، کچھ لوگ ذاتی تعلقات کی بناء پر قائمہ کمیٹی میں اضنی بات پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے ہمیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی سی کے نئے لوگ ضرور اس ادارے کو بہتر بنائیں گے کیونکہ یہ سارے لوگ بہترین خیالات کے مالک ہیں۔

متعلقہ عنوان :