جرمنی کا دہشت گردی کیخلاف پاکستان کیساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار ، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پیر 31 اگست 2015 14:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) جرمنی نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیاہے،وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ و قومی سلامتی امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پورے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کر رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، پاکستان انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے،پاکستان باہمی احترام کی بنیاد پر تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات اور خطے میں امن چاہتا ہے جبکہ جرمن وزیر خارجہ ڈاکٹر فرینک والٹر نے حکومت کے معاشی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کی مضبوطی کیلئے پاکستان نے موثر اقدامات کئے ہیں، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو دنیا تسلیم کرتی ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اور پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہیں، پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھرپور تعاون کریں گے۔

(جاری ہے)

پیر کو وزیراعظم کے مشیر خارجہ و قومی سلامتی کے امور سرتاج عزیز سے جرمن وزیر خارجہ فرینک والٹر نے ملاقات کی۔ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے، افغان سمیت عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جرمن وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہاجبکہ معیشت کی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات کی تعریف کی۔ ملاقات کے بعد ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور جرمن وزیر خارجہ ڈاکٹر فرینک والٹر نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔

اسموقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ جرمن وزیر خارجہ سے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ جرمن وزیرخارجہ سے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع ہیں، دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کو درپیش چیلنجزپر بات چیت ہوئی، پاکستان باہمی احترام کی بنیاد پر تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتا ہے، پاکستان وزیراعظم نواز شریف کے وژن کے مطابق خطے میں امن چاہتا ہے۔

متعلقہ عنوان :