اسلام آباد ہائی کورٹ ؛ ضلع بنوں میں بلدیاتی انتخابات میں کامیاب پانچ ہزار امیدواروں کی پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن پر حکم امتناعی برقرار،تمام فریقین سے جواب طلب

پیر 31 اگست 2015 14:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضلع بنوں میں بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے پانچ ہزار امیدواروں کی پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر حکم امتناعی کو برقرار رکھتے ہوئے تمام فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے ۔ گزشتہ روز جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔

درخواست گزاروں کی جانب سے ڈاکٹر بابر اعوان جبکہ جے یو آئی (ف) کی جانب سے ایڈووکیٹ کامران مرتضی عدالت میں پیش ہوئے ۔ ایڈووکیٹ کامران مرتضی نے عدالت سے جواب داخل کرنے کیلئے وقت مانگنے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے تمام فریقین سے جواب طلب کرلیا بعد ازاں عدالت نے سماعت نو ستمبر تک ملتوی کردی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ تیس مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پانچ آزاد امیدوار میر خان ، نجیب اللہ ، ظفر شاہ ، وقار خان اور گلفر خان نے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیاہے کہ انہوں نے آزاد امیدوار کے تحت الیکشن لڑتے ہوئے کامیابی حاصل کی جس کے بعد انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی لیکن ان کی مرضی کے بغیر الیکشن کمیشن نے ان کا جے یو آئی ف کی پارٹی میں شمولیت کی لہذا عدالت الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو معطل کرنے کا حکم جاری کرے ۔