ہائیکورٹ بار کا سید امیر حیدر شاہ ایڈووکیٹ کے قتل کیخلاف کل یوم سیاہ منانے کا اعلان ،عدالتی کاروائی کا مکمل بائیکاٹ کیا جائیگا

پیر 31 اگست 2015 14:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے سید امیر حیدر شاہ ایڈووکیٹ کے قتل کے خلاف کل ( منگل ) کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی کاروائی کا مکمل بائیکاٹ کیا جائیگا ، سید امیر حیدر شاہ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اورحکومت وکلاء کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے ۔

گزشتہ روز وکلاء نے سانحہ ڈسکہ کے خلاف یوم سیاہ منایا ۔ اس سلسلے میں صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پیر محمد مسعود چشتی کی زیر صدارت جنرل ہاؤس کا اجلاس منعقدا ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بیرسٹر محمد احمد قیوم ، نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ایم عرفان عارف شیخ کے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن محمد احمد قیوم نے ہاؤس کو بتایا کہ سید امیر حیدر شاہ سابق جوائنٹ سیکرٹری کراچی بار ایسوسی ایشن کو 28اگست کو کو بہیمانہ طریقے سے قتل کر دیا گیا۔ وکلاء آئے روز شہید کئے جا رہے ہیں اور ارباب اقتدار بے حس ہیں۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پیر محمد مسعود چشتی نے کہا کہ سید امیر حیدر شاہ ایڈووکیٹ کی شہادت پر ملک بھر کے وکلاء غمگین اور دکھی ہیں اور ان کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء کو انکی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے روکا جا رہا ہے اور جو وکیل کسی بڑے کیس میں پراسیکویشن میں جا تا ہے اسکی جان کو اتنا ہی خطرہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہید سید امیر حیدر شاہ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ انس غازی ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے زائر سکندر خان برکی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ و سابق سیکرٹری لاہور بار ایسوسی ایشن کی والدہ محترمہ ،آصف بشیر مرزا ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے والد محترم ،شمیم الرحمن ملک، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ و سابق سیکرٹری لاہور بار ایسوسی ایشن کے والد محترم ،رائے طارق سلیم، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے والد محترم ،اسماعیل گجر ایڈووکیٹ ہائیکورٹ کی والدہ محترمہ ،ملک عمر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ (صادق آباد) ، والد محترم ساجد عمر ،بلال کیانی ایڈووکیٹ ہائیکورٹ کے والد محترم کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کرائی۔

صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پیر محمد مسعود چشتی نے مندرجہ ذیل قرارداد ہاؤس کے سامنے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سید امیر حیدر شاہ ایڈووکیٹ کے قتل کی پر زور مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ ان کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وکلاء کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن آج ( منگل ) یکم ستمبر سید امیر حیدر شاہ ایڈووکیٹ کے قتل کے خلاف یوم سیاہ منائے گی اور 11:00بجے دن کے بعد عدالتی کاروائی کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔اجلاس کے بعد سانحہ ڈسکہ کے خلاف عہدیداران لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور ممبران نے احتجاجی کیمپ میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

متعلقہ عنوان :