چوہدری شجاعت حسین کی سابق ن لیگی سینئر رہنما ذوالفقار کھوسہ سے ملاقات ؛ متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے حوالے سے کوششیں مزید تیز کرنے پر اتفاق

پیر 31 اگست 2015 14:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے مسلم لیگ (ن) کے سابق سینئر رہنما ذوالفقار کھوسہ سے ملاقات کے دوران متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے حوالے سے کوششیں مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ بلدیاتی انتخابات میں تمام مسلم لیگی دھڑوں کو ایک ہی پلیٹ فارم حصہ لینے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما ذوالفقار کھوسہ کی رہائش گاہ پر مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی آمد ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تمام ناراض مسلم لیگی دھڑوں کو منائیں اور متحدہ مسلم لیگ میں شامل کرنے کے حوالے سے اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

ذوالفقار کھوسہ نے شجاعت حسین کو مکمل تعاون کی یقینی دہانی کرائی اور مستقبل میں ساتھ چلنے پر آمادگی ظاہر کی۔ اور اس حوالے سے مشترکہ کوششوں کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھانے کا عزم کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات سے قبل متحدہ مسلم لیگ کو بنانے اور پھر ایک ہی پلیٹ فارم سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی جبکہ اس حوالے سے دیگر مسلم لیگی دھڑوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کی جائیں گی اور متحدہ مسلم لیگ میں شمولیت پر آمادہ کیا جائے گا اور آئندہ آپس میں مزید ملاقاتیں کی جائیں گی۔

جس میں مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ بعد از ملاقات دونوں رہنماؤں نے مشترکہ طور پر پریس کانفرنس کی جس میں رہنما مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ مسلم لیگ پاکستان کے قیام سے لے کر اب تک قائم ہے چاہتے ہیں کہ صرف مسلم لیگ کا نام ہی آگے بڑھے اور مسلم لیگ کے نام سے ا‘ ب‘ پ‘ ت ہٹ جائے اور مسلم لیگ کے ساتھ دیگر نام ختم کر دیئے جائیں اور ایک ہی متحدہ مسلم لیگ کا قیام عمل میں اجائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے خلاف کوئی کریک ڈاؤن نہیں ہو رہا بلکہ صرف جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے جس کو جاری رہنا چاہئے۔ اس موقع پر ذوالفقار کھوسہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی مسلم لیگ۔ نواز لیگ کہلاتی ہے مسلم لیگ نہیں۔ ان کو مسلم لیگ کے ساتھ جوڑنا نامناسب بات ہے جبکہ نواز ایک شخصی پارٹی ہے جس کے پیچھے نہیں چھپنا چاہئے۔

مسلم لیگ ایک نظریہ کا نام ہے جس کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میرا اور شجاعت حسین کی سوچ مشترکہ ہے جس پر خوشی ہوئی ہم دونوں ایک ہی مہم پر چل رہے ہیں جبکہ متحدہ مسلم لیگ میں نیا خون شامل کریں گے اور اس حوالے سے متحدہ مسلم لیگ میں شامل ہونے والے رہنماؤں کے حوالے سے جلد اعلان کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز کو اقتدار کے دنوں میں چھوڑا تھا اگر کوئی لالچ ہوتی تو اقتدار پر قابض رہتا اور آرام کرتا۔