کرکٹ کے میدانوں میں وطن عزیز کا نام روشن کرکے خوشی محسوس کرتا ہوں‘چاچا ٹی ٹوئنٹی

پیر 31 اگست 2015 13:42

کرکٹ کے میدانوں میں وطن عزیز کا نام روشن کرکے خوشی محسوس کرتا ہوں‘چاچا ..

کامونکے(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) پاک فوج میں بھرتی ہوکر ملک وقوم کی خدمت کرنا چاہتا تھا مگر بدقسمتی سے حالات کی مجبوری کی وجہ سے ایسا نہ کرسکا، اب کرکٹ کے میدانوں میں وطن عزیز کا نام روشن کرکے خوشی محسوس کرتا ہوں،سب کچھ اپنی مدد آپ کے تحت کررہا ہوں تاہم حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہئے کہ پاکستان کی پہچان بننے والے ہر فرد کی حوصلہ افزائی کرے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار محمد زمان المعروف چاچا ٹی ٹونٹی نے گزشتہ روز شارجہ کرکٹر میاں نذر موسیٰ کے آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ شروع دن سے دل میں وطن عزیز کی خدمت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے اور اس حوالے سے وہ پاک فوج میں بھرتی ہوکر وطن عزیز کیلئے جان دینے کا عزم بھی رکھتا ہے مگر گھریلو حالات کی وجہ سے وہ فوج میں بھرتی نہ ہوسکا تاہم اس کے باوجود دل میں وطن عزیز کیلئے کچھ نہ کچھ کرنے کا جذبہ موجزن رہا اور وہ اس مقصد کیلئے کرکٹ کے میدان میں آگیا اور منفرد سٹائل اپنا کر نہ صرف کرکٹ شائقین کی داد حاصل کی بلکہ دیگر ممالک میں بھی اسے پاکستانی حیثیت سے عزت کی نگاہ سے دیکھا جانے لگا،انہوں نے کہاکہ وہ گزشتہ 27سال سے کرکٹ میچ دیکھ رہا ہے تاہم منفرد سٹائل اس نے سات سال قبل اپنایا جس کو کرکٹ کی دنیا میں بہت پسند کیا گیا،انہوں نے بتایا کہ وہ دوبئی،زمبابوے،سری لنکا اور بنگلہ دیش میں جاکر اپنی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرچکا ہے،انہوں نے بتایا کہ ان ممالک میں سب سے زیادہ منظم معاشرہ اور مہمان نواز سری لنکا کے لوگ ہیں جبکہ اکثریت مسلمان آبادی کے حامل ملک بنگلہ دیش میں عجیب و غریب حالات کا سامنا کرنا پڑا وہاں اکثریت لوگ پاکستانی مخالف ہیں دوران میچ جب وہ اپنے مخصوص سٹائل سے اپنی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے تو بنگلہ دیش کے شائقین انہیں نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،انہوں نے بنگلہ دیش میں میچ کے دوران ہونیوالے ایک دلچسپ واقعہ سنایا پاکستانی فاسٹ باؤلر اعزاز چیمہ کے اوور میں بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کو جیتنے کیلئے تین رنز کی ضرورت تھی اس دوران ایک بنگلہ دیشی بچی روتی ہوئی اس کے پاس آئی اور کہاکہ انکل آپ بنگلہ دیش کی جیت کیلئے دعا کریں تو میں نے اسے کہاکہ میں تو ایسا نہیں کرسکتا کیونکہ میں خود پاکستان کی جیت کیلئے دعا کررہا ہوں جس پر اس بچی نے کہاکہ پاکستان تو جیتتا رہتا ہے اس بار آپ ہماری جیت کیلئے دعا کردیں،انہوں نے بتایا کہ وہ ابتک بیرون ملک جانے اور ٹکٹ لے کر میچ دیکھنے کے تمام اخراجات اپنی جیب سے کرتے ہیں تاہم حکومت یا سپاسنسر کرنیوالے اداروں کو چاہئے کہ وہ اس حوالے سے حوصلہ افزائی کریں۔

متعلقہ عنوان :