تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہارون آباد میں بنیادی سہولتیں نہ ہونے سے مریض در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور

پیر 31 اگست 2015 13:42

ہارون آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہارون آباد میں بنیادی سہولتیں نہ ہونے سے مریض در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور دوسرے شہروں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں ۔ہسپتال میں ڈاکٹرز و سٹاف کی کمی کی وجہ سے ہزاروں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ٹراما سنٹر نہ ہونے کی وجہ سے کئی زخمی اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

سرکاری ہسپتال سمیت گردونواح کے رورل ہیلتھ سنٹرز کے مراکز میں ادویات کی شدید قلت کے باعث غریب مریض پرائیویٹ میڈیکل سٹوروں سے مہنگی دوائی خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ سرکاری ہسپتال کی لیبارٹری میں سہولیات پوری نہ ہونے کی وجہ سے بیماریوں کے ٹیسٹ کروانے میں بھی لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔شہریوں وقاص ،عثمان ،ذیشان ،کامران سعید ،یاسر ،حذیفہ ،عبداللہ و دیگر کا کہنا ہے کہ عمارتیں کھڑی کرنے سے ادارے نہیں چلتے سہولیات کی فراہمی سے ادارے کامیاب ہوتے ہیں اور نچلی سطح تک لوگوں کو اس کا فائدہ پہنچتا ہے ۔حکومت کو صحت کے شعبے میں سنجیدگی سے موثر اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ غریب اور مستحق مریض استفادہ کرسکیں ۔