Live Updates

عمران خان کا الیکشن کمیشن کے ارکان کے استعفوں کا مطالبہ ضمنی انتخابات سے فرار کا ایک بہانہ ہے ‘پرویز رشید

پیر 31 اگست 2015 13:38

عمران خان کا الیکشن کمیشن کے ارکان کے استعفوں کا مطالبہ ضمنی انتخابات ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) وفاقی وزیراطلاعات نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہاہے کہ عمران خان کا الیکشن کمیشن کے ارکان کے استعفوں کا مطالبہ ضمنی انتخابات سے فرار کا ایک بہانہ ہے ‘نا مکمل الیکشن کمیشن انتخابات نہیں کر اسکتا ہے ‘ این اے 122 اور این اے 154 میں تحریک انصاف کو واضح اکثریت سے شکست دینگے۔ نجی ٹی وی چینلز کو دیئے گئے انٹرویوز میں انہوں نے کہا کہ نامکمل الیکشن کمیشن انتخابات نہیں کرا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ضمنی انتخابات میں حصہ لینے سے خوفزدہ ہیں اسی لئے وہ اس طرح کے بہانے بنا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ کی طرف سے الیکشن کمیشن کے ارکان کے استعفوں کیلئے دباؤ تکنیکی لحاظ سے ان کی طرف سے شکست کا اعتراف ہے جس سے ضمنی انتخابات کا انعقاد ناممکن ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 122 اور این اے 154 میں تحریک انصاف کو واضح اکثریت سے شکست دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہری پور کے ضمنی انتخابات کی تاریخ دہرائی جائے گی جہاں مسلم لیگ نون کے امیدوار نے 47 ہزار ووٹوں کے واضح فرق سے مخالف امیدوار کو شکست دی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو ملک کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مظاہروں اور دھرنوں کی سیاست ترک کر دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تحریک انصاف کے تحفظات کا احترام ہے تاہم ان کو بنیاد بنا کر لوگوں کو سڑکوں پر لانا اور اداروں کی تذلیل کرنا مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن میں تحریک انصاف کو موقف بیان کرنے کا مکمل موقع دیا گیا تھاحکومت کے ساتھ جو معاہدہ ہوا تھا اس میں واضح طور پر لکھ کر دیا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے بعد وہ اپنے الزامات نہیں دھرائیں گے مگر افسوس ہے کہ پی ٹی آئی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الزامات دھرا رہی ہے جو غلط ثابت ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان تھوڑے عرصہ کے لئے پاکستان میں اس طرح کی سیاست سے گریز کریں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات