لیڈی ڈیانا کو مداحوں سے بچھڑے 18برس بیت گئے ، برسی پر مختلف تقریبات کا انعقاد

پیر 31 اگست 2015 12:58

لیڈی ڈیانا کو مداحوں سے بچھڑے 18برس بیت گئے ، برسی پر مختلف تقریبات کا ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء )دلفریب مسکراہٹ اور لازوال خوبصورتی کے سبب لاکھوں دلوں کی دھڑکن بننے والی لیڈی ڈیانا کو ہم سے بچھڑے 18برس بیت گئے،لیڈی ڈیانا کی برسی پر انکے چاہنے والوں نے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا ۔شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی یہ شہزادی ایک ہمدرد دل بھی رکھتی تھیں۔ 1جولائی 1961کو انگلینڈ کے ایک عام گھرانے میں آنکھ کھولنے والی ڈیانا، 29اگست 1981ء کو برطانوی شہزادے چارلس کی دلہن بنیں، برطانوی شاہی خاندان کا حصہ بننے والی شہزادی ڈیانا فیشن اور اپنے عہد کے لوگوں میں مقبول ترین، خوبصورتی میں بے مثال اور جاذب نظر شخصیت کی حامل تھیں۔

ظاہری خوبیوں کے علاوہ ڈیانا کو ان کے فلاحی کاموں کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اہم مقام رکھنے والی لیڈی ڈیانا نے اپنی صلاحیتوں اور شہرت کو غربت و افلاس، بیماروں میں مبتلا اور معاشرتی ناانصافی کا شکار لوگوں کے لیے آواز اٹھانے کے لیے وقف کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کینسر مین مبتلا لوگوں کو زندگی کی امید دلائی، بچے یورپ کے ہوں، افریقہ یا ایشیا کے بے گھر ہوں، معزور یا کسی بھی بیماری میں مبتلا ہوں، وہ ہمیشہ ان کی توجہ کا محور رہے۔

کوڑھ اور ایڈز جیسی بیماریوں پر لب کشائی کی اور ایڈز کے مریض کو چھو کر لوگوں میں اس بیماری کے حوالے سے سوچ کو تبدیل کیا۔۔کبھی زیر زمین کانوں کی فروخت پر پابندی کے لیے ڈٹ گئیں۔ ڈیانا کا کہنا تھا کہ وہ لوگوں کے دلوں کی ملکہ بننا چاہتی ہیں۔۔سماجی خدمات کی بدولت وہ ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ 31 اگست 1997 کو لیڈی ڈیاناپیرس کی تنگ گلی میں حادثے کا شکار ہوکر اس دنیا سے کوچ کرگئیں۔