کراچی ، پولیس آپریشن میں 5ملزمان ہلاک ، 15گرفتار

پیر 31 اگست 2015 12:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیوں میں 5ملزمان ہلاک، جبکہ 1ملزم سمیت 15افراد کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس کے مطابق رضویہ کے علاقے میں لیاری ندی کے قریب ذرائع کی اطلاع پر پولیس پہنچی، تو وہاں پر موجود 2ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ سے دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے، ہلاک ملزمان کے قبضے سے ایس ایم جی ہینڈ گرنیڈ اور پستول برآمد کیا گیا ہے۔

منگھوپیر کے علاقے خیرآباد میں اینٹی کار لفٹنگ سیل نے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر اسنیپ چیکنگ کی اور اس دوران موٹرسائیکل سوار 2ملزمان نے پولیس کی جانب سے رکنے کا اشارہ کرنے پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی کارروائی سے دونوں ملزم ہلاک ہوگئے، ہلاک ملزمان سے اسلحہ اور گلشن اقبال سے چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر کورنگی کے علاقے عوامی کالونی میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں 1ملزم ہلاک ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ڈیڑھ ماہ قبل ایس پی لانڈھی کے گارڈ کو فائرنگ سے زخمی اور وزیر اعلی کے کوآڑڈینیٹر شاہجہان سے 20دن قبل سرکاری ایس ایم جی بھی چھینی تھی۔

ایک واقع میں جہاں زمان ٹاؤن پولیس کی کارروائی میں 1ملزم کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم سے اسلحہ اور بوٹ بیسن سے چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی اور آخر میں گلشن اقبال بلاک 13ڈی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھاپے کے دوران 2افراد کو حراست میں لیا، جبکہ ایسٹ زون پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے 15مشکوک افراد کو حراست میں لے کر نا معلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :