وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کی شہادت کے بعد خالی ہونے والی نشست پر مسلم لیگ(ن) کا امیدوار بلا مقابلہ منتخب نہ ہوسکا، پیپلز پارٹی کے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نعیم اعوان نے پی پی پی سے بغاوت کرکے جہانگیر خانزادہ کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 31 اگست 2015 11:39

حضرو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کی شہادت کے بعد خالی ہونے والی نشست پر مسلم لیگ(ن) کا امیدوار بلا مقابلہ منتخب نہ ہوسکا، پیپلز پارٹی کے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نعیم اعوان نے پی پی پی سے بغاوت کرکے جہانگیر خانزادہ کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا،پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور وٹو کے شجاع خانزادہ کی سیٹ پر الیکشن نہ لڑنے کے اعلان سے لا تعلقی ظاہر کر دی، الیکشن لڑنے کا فیصلہ حلقہ عوام کی عزت و تکریم ، جمہوریت اور حلقہ کی تعمیر و ترقی کیلئے کیا ہے، ڈاکٹر نعیم اعوان کی صحافیوں سے گفتگو، تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر داخلہ کرنل(ر) شجاع خانزادہ کی شہادت کے بعد خالی ہونے والی نشست پر الیکشن کمیشن نے 6اکتوبر کو ضمنی انتخاب کا اعلان کر دیا ہے ، اس حوالہ سے پی ٹی آئی ، پی پی پی اور جماعت اسلامی کے قائدین سمیت رنر اپ آزاد امیدوار رضا خان نے شجاع خانزادہ کی شہادت کے احترام میں مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے امیدوار کے مقابلے میں ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کے اعلانات کئے جس سے شجاع خانزادہ کے صاحبزادے جہانگیر خانزادہ کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا قوی امکان تھا تاہم پی پی پی کے سابق ٹکٹ ہولڈر ڈاکٹر نعیم اعوان نے پارٹی قیادت سے بغاوت کرتے ہوئے آزاد حیثیت سے ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا، ڈاکٹر نعیم اعوان نے سینئر صحافی نثار علی خان کو تحریری بیان میں بتایا کہ 15سالوں سے پی پی پی سے منسلک ہوں اور قربانیاں دیتا آرہا ہوں، پی پی پی کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کا تین بار الیکشن لڑامگر صوبائی صدر پی پی پی میاں منظور وٹو نے مجھ سے پوچھے اور اعتماد میں لئے بغیر شجاع خانزادہ کی نشست پر الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کر دیا جس پر مجھے تحفظات ہیں اور میں پارٹی فیصلوں سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں، ڈاکٹرنعیم اعوان نے کہا کہ الیکشن لڑنے کا فیصلہ حلقہ عوام کی عزت و تکریم ، جمہوریت اور حلقہ کی تعمیر و ترقی کیلئے کیا ہے۔