Live Updates

عمران خان کا پارٹی کی آفیشل ویب سائٹ پر علیم خان کی خدمات پر تفصیلی نوٹ،122سے موزوں ترین امیدوار ،پارٹی ، شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کیلئے مالی امداد دی ،کارکن بھرپور مہم چلائیں‘ چیئرمین پی ٹی آئی

اتوار 30 اگست 2015 20:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30اگست۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے این اے 122سے عبد العلیم خان کے بطور امیدوار اعلان کے بعد پارٹی کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی ان کی پارٹی کے لئے خدمات پر تفصیلی نوٹ لکھتے ہوئے کارکنوں کو عبد العلیم خان کی بھرپور انتخابی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے ۔عمران خان نے تحریر کیا ہے کہ این اسے 122سے عبد العلیم خان سے بہترکوئی امیدوار نہیں تھا ۔

علیم خان متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والا شخص ہے ۔ گورنمنٹ کالج سے گرایجویٹ اس شخص نے اپنی محنت کے بل بوتے پر رئیل اسٹیٹ کے بزنس میں بھرپور کامیابی حاصل کی ۔ عمران خان نے مزید تحریر کیا ہے کہ عبد العلیم خان نے شوکت خانم لاہور کے لئے ہمیشہ دل کھول کر امدادی دی ہے ۔

(جاری ہے)

عبد العلیم خان جب (ق) لیگ کے دور میں وزیر تھے اور ابھی انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت بھی اختیار نہیں کی تھی اس کے باوجود انہوں نے اس وقت بھی پی ٹی آئی کی کاز کو بے حد سپورٹ کیا ۔

نمل یونیورسٹی کے لئے بھی عبد العلیم خان نے بھرپور امداد کی ۔ حال ہی میں شوکت خانم پشاورکیلئے بھی بڑی مدد کی ہے ۔وہ لاہور میں خصوصی بچوں کا بھی ادارہ چلا رہے ہیں ۔انہوں نے انکی وفاداری کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ 2013ء میں جب انہیں ٹکٹ نہیں دیا گیا اس کے باوجود وہ پارٹی کے ساتھ وفادار رہے اور انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیا ۔ انہوں نے الیکشن ٹربیونل میں این اے 122اور پی پی 147 کے کیس میں بھی پارٹی کی مدد کرنے پر ان کے کردار کی تعریف کی ۔

عمران خان نے کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ این اے 122سے عبد العلیم خان کی بھرپور انتخابی مہم چلائیں ۔ ان کے مقابلے میں مخالف امیدوار کو حکومتی مشینری سمیت دیگر وسائل بھی میسر ہیں جس سے وہ دھاندلی کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید تحریر کیا کہ میں نے ضمنی انتخابات میں جہاں سے بھی امیدواروں کو نامزد کیا ہے انہیں بھرپور سپورٹ کیا جائے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات