دیار غیر میں پاکستان کا نام بلند کرنیوالے ہمارے سروں کے تاج ہیں ، ان کے مفادات کا تحفظ کرینگے‘محمد شہباز شریف، اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے قیام سے ایسے نظام کی بنیاد ڈا لی ہے جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو انصاف ملے گا اورکوئی ان کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈال سکے گا ، وطن عزیز کیلئے زرمبادلہ کمانے والوں کی جائیدادوں پر کسی کو ہاتھ صاف نہیں کرنے دینگے ،مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ، بیرون ملک رہنے والے پاکستانی آن لائن بھی شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں،اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات پر فوری ایکشن لیاجاتاہے،میں ذاتی طو رپر اس ادارے کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیتاہوں:وزیراعلیٰ پنجاب کی لند ن میں پاکستانیوں کے وفد سے گفتگو ،وزیراعلی پنجاب نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن ،پنجاب قائم کر کے بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کیاہے ‘وفد

اتوار 30 اگست 2015 18:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30اگست۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ دیار غیر میں رہنے والے پاکستانی وطن عزیز کے حقیقی سفیر ہیں جو قومی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایاہے،طب ہو یا انجینئرنگ ، سائنس و ٹیکنالوجی ہو یا بینکنگ ، یا پھر زندگی کا کوئی اور شعبہ پاکستانیو ں نے محنت سے کام کر کے ملک وقوم کا نام روشن کیاہے،پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت دیار غیر میں اپنی صلاحیتوں او ر محنت کو بروئے کار لا کر پاکستان کی معیشت کو ترقی دینے والے ان عظیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اوریہی وجہ ہے کہ پنجاب میں آزاد اورخود مختار اوورسیز پاکستانیز کمیشن تشکیل دیا گیاہے جو فعال طریقے سے کام کررہاہے اوریہ کمیشن اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں سرگرم عمل ہے، اوورسیز پاکستانیز کمیشن ،پنجاب کا قیام حکومت پنجاب کا ایک اور انقلابی اقدام ہے اوریہ ادارہ وطن سے دور رہنے والے ہم وطنوں کے مسائل اور شکایات کے ازالے میں اہم کردار اد ا کررہاہے،پنجاب حکومت نے کمیشن کو آئینی حیثیت دی ہے اور کمیشن کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جارہی ہے او رمیں ذاتی طو رپر اس ادارے کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیتاہوں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار لند ن میں پاکستانیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا-کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے-وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ہی اوورسیز پاکستانیز کمیشن تشکیل دیاگیاہے- کمیشن کے تحت اضلاع میں بھی کمیٹیاں بنائی گئی ہے جو مقامی سطح پر ان کے مسائل حل کررہی ہیں- انہوں نے کہاکہ دیارغیر میں اپنی محنت کے ذریعے وطن عزیز کے لئے زرمبادلہ کمانے والوں کی جائیدادوں پر کسی کو ہاتھ صاف نہیں کرنے دیں گے اوران کے تمام مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے او رہم اس ذمہ داری کو نبھائیں گے - انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیو ں کو اپنے مسائل کے حل کے لئے مختلف دفاتر کے چکر لگانے کی تکلیف سے بچانے کیلئے ہی اوورسیز پاکستانیز کمیشن تشکیل دیا گیاہے اور یہ ایک آئینی ادارہ ہے جو مکمل طو رپر با اختیار ہے ۔

بیرون ملک رہنے والے پاکستانی آن لائن بھی شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں اوراوورسیز پاکستانیوں کی شکایات پر فوری ایکشن لیاجاتاہے- وزیر اعلی نے کہا کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی قومی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار اداکررہے ہیں - ملک وقوم کی خدمت او رمعیشت کی بہتری کیلئے سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا- دیار غیر میں اپنی محنت کے ذریعے پاکستان کا نام بلند کرنے والے ہمارے سروں کے تاج ہیں اور ان کے مفادات کا تحفظ کریں گے اور کسی کو ان کی جائیدادوں پر ڈاکہ ڈالنے اور قبضے کی اجازت نہیں دیں گے،انہیں مکمل عزت واحترام دیا جائے گا-بیرون ملک رہنے والے پاکستانی انجینئرز ، ڈاکٹرز ، محنت کش اوردیگر شعبوں میں کام کرنے والوں کے دکھ بانٹنے اوران کی تکالیف کے ازالے کے لئے ہی اوورسیز پاکستانیز کمیشن ،پنجاب کاقیام عمل لایا گیاہے - انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے ہر وہ قدم اٹھا یا جائے گا جس سے ان کو عزت واحترام ملے او رکوئی ان کی خون پسینے کی کمائی لوٹ نہ سکے-انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے قیام سے ہم نے ایسے نئے نظام کی بنیاد ڈال دی ہے جس میں اوورسیز پاکستانیوں کو انصاف ملے گا او رکوئی ان کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈال سکے گا ۔

وفد کے اراکین نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے قیام پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے بلاشبہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سمجھتے ہوئے ان کے حل کے لئے عملی قدم اٹھایاہے -اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا قیام حکومت پنجاب کاتاریخی او رلائق تحسین اقدام ہے جو وطن عزیز سے دوررہنے والوں کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کررہاہے ۔وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن ،پنجاب قائم کر کے بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کیاہے -