پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کو ایک ارب مالیت کا 6500ٹن امدادی سامان مہیا کیا‘ڈی جی پی ڈی ایم اے،نقصانات کی سروے رپورٹ آنا شروع ہوچکی ہیں ،تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائیگا،ستمبر کے دوسرے ہفتہ سے مالی امداد کی فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا جائیگا

اتوار 30 اگست 2015 18:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30اگست۔2015ء) حکومت پنجاب نے سیلاب متاثرین کو ایک ارب روپے مالیت کا 6500ٹن وزنی امدادی سامان900ٹرکوں کے ذریعے فراہم کیا ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے مظفر گڑھ اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں یورپی یونین کے تعاون سے12وئیر ہاؤسز تعمیر کئے ہیں جہاں اشیاء خوردونوش و ضروریہ ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔ لاہور اور مظفرگڑھ کے وئیر ہاؤسز میں7500میٹرک ٹن سامان رکھنے کی گنجائش ہے۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل جواد اکرم نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں سے گھروں اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کی سروے رپورٹ آنا شروع ہوچکی ہیں سروے مکمل ہونے کے بعد تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا اور ستمبر کے دوسرے ہفتہ سے مالی امداد کی فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میانوالی میں75فیصد، خوشاب100فیصد ، بھکر100فیصد، لیہ 60فیصد ، مظفر گڑھ 70فیصد ، ڈی جی خاں70فیصد، راجن پور65فیصد اور رحیم یارخان میں65فیصد سروے کا کام مکمل ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ضلعی انتظامیہ کو31اگست تک سروے مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر دریاؤں کے بندوں اور پشتوں کی مضبوطی کاکام جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :