الیکشن کمیشن کے موجودہ ارکان شفاف الیکشن نہیں کرائینگے، تمام جماعتیں ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کر دیں،چاروں ارکان فوری طور پر مستعفی ہوں اور ان کی جگہ نئے ارکان کا انتخاب تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے کیا جائے،پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 30 اگست 2015 17:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30اگست۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان اعتماد کھو چکے ہیں جب تک یہ استعفے نہیں دیتے الیکشن شفاف نہیں ہوں گے اس لیے ہماری جماعت ان کی موجودگی میں کسی ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لے گی جبکہ باقی سیاسی جماعتوں کو بھی ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ کرنا چاہئے۔

اتوار کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں مطالبہ کر رہی ہیں کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کو فوری طور پر مستعفی ہونا چاہئے الیکشن تبھی فری اینڈ فیئر ہو گا جب نئے ممبر آئیں گے اور ان کا انتخاب بھی تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ضمنی انتخابات کے بارے میں سوال پر کہا کہ جہاں تک ضمنی انتخابات کا تعلق ہے ہماری جماعت کا یہ متفقہ فیصلہ ہے کہ ان ارکان کے ہوتے ہوئے الیکشن شفاف نہیں ہو گا اس لیے ہماری جماعت الیکشن نہیں لڑ رہی باقی سیاسی جماعتیں بھی اس پر غور کریں کیونکہ جن لوگوں نے 2013ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کروائی تھی وہ اب بھی صاف ستھرے الیکشن نہیں کرائیں گے، پچھلے عام انتخابات پر تقریباً تمام جماعتوں نے احتجاج کیا تھا اور جوڈیشل کمیشن میں پیش بھی ہوئے تھے اب ان کے ہوتے ہوئے یہ کیسے انتخابات کی بات کر رہے ہیں اس لیے تمام جماعتوں کو ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ کرنا چاہئے۔