محکمہ سماجی بہبود و بیت المال نے نابینا افراد کی رجسٹریشن کے عمل کا آغازکردیا ‘ ہارون سلطان بخاری

اتوار 30 اگست 2015 16:26

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اگست۔2015ء)صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا ہے کہ محکمہ سماجی بہبود و بیت المال نے نابینا افراد کی رجسٹریشن کے عمل کا آغازکردیا ہے اس سلسلے میں عوام الناس کو پابند کیاگیا ہے کہ وہ رجسٹریشن کیلئے نابینا افراد یا ان کے لواحقین کے اندراج کیلئے آن لائن رجسٹریشن یا رجسٹریشن مراکز سے رابطہ کریں۔

اس سلسلے میں رجسٹریشن کا آغاز 29اگست سے باقاعدہ طور پرہو گیا ہے جو تین ہفتوں تک متواتر جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

اس امر کااظہار انہوں نے محکمانہ اجلاس سے خطاب کے دوران کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نابینا افراد کو معاشرے کا اہم فرد بنانا چاہتی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کی جاری کردہ ویب سائٹ http:11reg.pkcp.punjab.gov.pk پر موجود فارم میں اپنے کوائف درج کروا سکتے ہیں یا سوشل ویلفیئر کے ضلعی دفاتر میں اپنے شناختی کارڈ کے ہمراہ رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 18سال سے کم عمر نابینا افراد اصل کمپیوٹرائزڈ ”ب“ فارم اور والدہ کااصل شناختی کارڈ کے ساتھ تشریف لاکر رجسٹرڈ ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹول فری ہیلپ لائن 0800-05050 پر مفت کال کرکے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دیگر معذور افراد کی رجسٹریشن کاآغاز اگلے مرحلے میں کیا جائے گا۔