کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ اور ٹرانسفر آف پلاٹ بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کیا جائیگا‘ اقبال چنڑ

حکومت کی طرف سے کمپیوٹرائزیشن پروگرام کے تحت سٹیمپ پیپرز ریڈایبل مشینیں تقسیم کر دی گئی ہیں‘ وزیر کو آپریٹو

اتوار 30 اگست 2015 16:26

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اگست۔2015ء)صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ تمام کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ اور ٹرانسفر آف پلاٹ بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کیا جائے گا۔ حکومت کی طرف سے کمپیوٹرائزیشن پروگرام کے تحت سٹیمپ پیپرز ریڈایبل مشینیں تقسیم کر دی گئی ہیں تاکہ جعلساز لینڈ مافیا کی سرکوبی کی جاسکے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے نمائندگان سے ملاقات میں کیا۔ملک محمد اقبال چنڑ نے کہاکہ حکومت پنجاب نے محکمہ امداد باہمی کو کمپیوٹرائزیشن کیلئے 109ملین روپے کے فنڈز مہیا کر دیئے ہیں جس میں سے 100ملین روپے کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور 9ملین روپے دیگر کوآپریٹو سوائٹیوں کی کمپیوٹرائزیشن پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کوآپریٹو سوسائٹیز نے 2013-14میں حکومت پنجاب کو سی وی ٹی اور سٹیمپ ڈیوٹی کی مد میں 1171ملین روپے کی آمدن دی ہے جو کل آمدن کا 59.22فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈایبل مشینوں کے ذریعے اصل اور نقل سٹیمپ پیپرز کی باآسانی شناخت ہوسکے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت تحریک امداد باہمی کے فروغ کیلئے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور مختلف سکیموں کے ذریعے رواں سال حکومت پنجاب نے تقریباً 85کروڑ روپے کے فنڈزجاری کئے ہیں جن سے کوآپریٹو اداروں کو مزید فعال بنانے کیلئے کام تیزی سے جاری ہے۔