کامسیٹس بارے سید خورشیدشاہ کا بیان حقائق کے منافی ہے ‘صوبائی وزیر تعلیم

کامسیٹس کے کسی طالب علم کے گھر میں بیٹھ کر ڈگری لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،یہ پاکستان کا آئی ٹی کا نمبر 1 تعلیمی ادارہ ہے ایسے غیر ذمہ دارانہ بیان سے طلباء برادری میں بے چینی پیدا ہوسکتی ہے ‘ رانا مشہود احمد خاں

ہفتہ 29 اگست 2015 22:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء ) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین سید خورشید احمد شاہ کی طرف سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے معروف ادارے کامسیٹس کے فارن ڈگری پروگرام کے خلاف بیان پر سخت رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید خورشید شاہ کا بیان حقائق کے منافی ہے -کامسیٹس کے کسی طالب علم کے گھر میں بیٹھ کر ڈگری لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا - انہو ں نے کہاکہ کامسیٹس اور غیر ملکی یونیورسٹی کے درمیان اشتراک کار کا معاہدہ 2010 میں اس وقت کے برطانوی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کے موقع پر پاکستانی وزیراعظم کی موجودگی میں طے ہوا تھا جس میں اس وقت کی پیپلزپارٹی کی حکومت کے چیئرمین ایچ ای سی نے بھی شرکت کی تھی -رانا مشہود احمد خاں نے کہاکہ ان کے ذاتی علم اور تجربے کے مطابق کامسیٹس پبلک سیکٹر کا نمایاں تعلیمی ادارہ ہے جسے ایچ ای سی نے پاکستان کی 171 یونیورسٹیوں میں آئی ٹی کی نمبر ون یونیورسٹی قرار دی گئی ہے - انہو ں نے کہاکہ کسی ادارے کے بارے میں ریمارکس دیتے وقت تمام حقائق کو مد نظر رکھنا چاہیے کیونکہ کسی بھی قسم کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے طلباء برادری میں بے چینی پیدا ہوسکتی ہے -