بلدیاتی نمائندے بھرپور ملی اور دینی جذبے سے عوامی خدمت کا بیڑا اٹھائیں،عنایت اﷲ

مخلوق خدا کی خدمت کیلئے پیسہ نہیں بلکہ اخلاص اور ایمانی جذبہ ضروری ہوتا ہے جس کی خیبرپختونخوا میں کوئی کمی نہیں ،سینئروزیرخیبرپختونخوا

ہفتہ 29 اگست 2015 22:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عنایت اﷲ خان نے صوبے بھر میں حلف لینے والے نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کو مبارکباد دی ہے اور ان پر زور دیا ہے کہ اب وہ عوامی مسائل کے حل پر بھرپور توجہ دیں جسکی بجا طور پر ان سے توقع کی جاتی ہے ایک تہنیتی پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ بلدیاتی نمائندوں کو ہر سطح پر وسائل اور سہولیات کی فراہمی کی حتی الوسع کوششیں کی جا رہی ہیں وقت کا تقاضا ہے کہ اس ضمن میں محدود حکومتی وسائل کو آڑے نہ آنے دیا جائے اور بلدیاتی نمائندے بھرپور ملی اور دینی جذبے سے عوامی خدمت کا بیڑا اٹھائیں انہوں نے کہا کہ مخلوق خدا کی خدمت کیلئے پیسہ نہیں بلکہ اخلاص اور ایمانی جذبہ ضروری ہوتا ہے جس کی خیبرپختونخوا میں کوئی کمی نہیں عنایت اﷲ نے کہا کہ ہمارے شہروں اور دیہات میں لوگوں کو گھمبیر مسائل کا سامنا ہے اور انہیں آبنوشی، صحت و صفائی، بنیادی تعلیم، سٹریٹ لائٹس اور دیگر لاتعداد شعبوں میں گوناگوں مشکلات درپیش ہیں وقت آگیا ہے کہ نومنتخب بلدیاتی نمائندے پورے منظم و متحد انداز میں گلی محلہ کی سطح پر تمام شہری مسائل کا جدید سائنسی بنیادوں پر احاطہ کریں انہوں نے یقین دلایا صوبائی حکومت بالخصوص ان کا محکمہ اس ضمن میں بلدیاتی نمائندوں کا بھرپور ساتھ دے گا تاکہ شہری سہولیات کے شعبوں میں ہم جلد از جلد ترقیافتہ اقوام کی صف میں کھڑے ہوں اور ذمہ دار اسلامی فلاحی معاشرے کی تشکیل کا خواب شرمندہ تعبیر بنے۔