عوام کو فوری اورمیرٹ کی بنیاد پر انصاف کی فراہمی عدلیہ کا فرض ہے ،بار اور بینچ کے باہمی روابط اور ہم آہنگی کی بدولت عوام کومیرٹ پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جسٹس شجاعت علی خان

ہفتہ 29 اگست 2015 20:20

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء ) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے کہا کہ عوام کو فوری اورمیرٹ کی بنیاد پر انصاف کی فراہمی عدلیہ کا فرض ہے ،بار اور بینچ کے باہمی روابط اور ہم آہنگی کی بدولت عوام کومیرٹ پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، سائلین کے مسائل کو حل کرنا بھی کسی عبادت سے کم نہیں،اور اب وکلاء کا فرض ہے کہ وہ مسائل اور مشکلات کی شکار عوام کے دکھ درد کو ختم کرنے لئے انکی رہنمائی کریں ،چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی ہدایت پر پرانے کیسسز کو جلد از جلد نمٹایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جاسکے ۔

اوہ ہفتہ کو حافظ آباد میں تعمیر ہونے والی سول کورٹس کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے،افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راؤ عبدالجبار خان،ڈی سی او محمد عثمان،ڈی پی او شاکر حسین داوڑ،صدر بار سید ناصر حسین شیرازی،سیکریٹری چودھری امان اﷲ سندھو سمیت ججز صاحبان،وکلاء اور معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بار اور بینچ کے آپس میں روابط اور تعلقات ہمیشہ ہی مثالی رہے ہیں اور ان تعلقات کی بدولت عوام کو بڑا فائدہ پہنچ رہا ہے انہوں نے اس امر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئے تعینات ہونے والے ججز بھی عوام کو نہ صرف انصاف بلکہ میرٹ پر انصاف کی فراہمی کو ہی مقدس رکھیں گے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راؤ عبدالجبار خان نے کہا کہ حافظ آباد بار کے عدلیہ سے رابط بڑے مثالی ہیں اور دونوں اداروں نے ایک دوسرے کی عزت واحترام اور فلاح و بہبود کے بڑھ چڑھ کر کام کیا۔تقریب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راؤ عبد الجبار خاں،صدر بار سید ناصر حسین شیرازی اور سیکریٹری چودھری امان اﷲ سندھو نے بھی خطاب کیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے جسٹس شجاعت علی خان اور حافظ آباد سے ٹرانسفر ہونے والے ججز کو اعزازی شیلڈز بھی دی گئیں ۔قبل ازیں جسٹس شجاعت علی خان نے نئی تعمیر ہونے والی سول کورٹس کی عمارت کا افتتاح بھی کیا ۔