Live Updates

عمران خان ملک کو تباہ کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ، این اے 122,154کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو شکست دیں گئے ، مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کا بیان

ہفتہ 29 اگست 2015 20:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر اور رْکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک کو تباہ کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ، ماضی میں یہ پہلے ہی نام نہاد دھرنے دیکر ملک کو بھاری نقصان پہنچاچکی ہے اور اب مزید نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں پرویز ملک نے کہا کہ اپنی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک مرتبہ پھر ضمنی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی اور تحریک انصاف کی شکست فاش اس کی تمام کارکردگی کا پول کھول دے گی۔

پرویز ملک نے کہا کہ نواز شریف حکومت کی کاروبار دوست بہترین معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک کی معاشی صحت ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہوتی جارہی ہے ، پاک چین اکنامک کاریڈور ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا ، اس کے خلاف باتیں کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں۔

(جاری ہے)

پرویز ملک نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک جیسے بین الاقوامی ادارے بھی یہ تسلیم کررہے ہیں کہ معیشت دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑی ہورہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اکنامک کاریڈور معیشت کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگاجبکہ افرادی قوت کے لیے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اکنامک کاریڈور کے خلاف باتیں کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں۔ پرویز ملک نے کہا کہ مارک اپ تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے جو نواز شریف حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کا ایک اور منہ بولتا ثبوت ہے، مارک اپ کی شرح کم ہونے سے صنعتی شعبے کو سستا سرمایہ میسر آئے گا ۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ توانائی کا بحران موجودہ حکومت کو ورثے میں ملا لیکن اس کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، دوست ملک چین کے تعاون سے بہت سے پراجیکٹس پر کام جاری ہے اور مستقبل قریب میں توانائی کے بحران کا بھی خاتمہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ ایم این اے پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے متعدد ایسے پراجیکٹس شروع کیے ہیں جن سے نہ صرف معیشت بہتر ہوگی بلکہ روزگار کے لاکھوں نئے مواقع بھی پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ انتشار پھیلانے والی سیاسی جماعتیں ترقی و خوشحالی کی مخالفت ہیں لیکن وہ کسی بھی صورت اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہونگے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات