اقوام متحدہ کے فوجی مبصرگروپ کی ٹیم اور وزیر دفاع کاالگ الگ ورکنگ باؤنڈری کا دورہ،بھارتی فوج کی جارحانہ کاروائیوں سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں

پاک چین اقتصادی راہداری اور خطے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی جغرافیائی اہمیت سے خوفزدہ ہے، اسے معلوم ہونا چاہئے پاکستان ایٹمی طاقت ہے ، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، وزیر دفاع

ہفتہ 29 اگست 2015 20:16

سیالکوٹ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء ) اقوام متحدہ کے فوجی مبصرگروپ کی ٹیم اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے الگ الگ ورکنگ باؤنڈری کا دورہ کیا اور بھارت کوللکارتے ہوئے کہاکہ اسے بھولنا نہیں چاہئے کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے ۔ اقوام متحدہ کے مبصرین نے گزشتہ روز ورکنگ باؤنڈری کے گاؤں کندن پور کا دورہ کیا اور بھارتی گولہ باری سے مٹاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور نقصانات کا جائزہ لیا اقوام متحدہ کے مبصرین میں 4ماہرین شامل تھے انہوں نے زخمیوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے بھارتی فائرنگ اور شیلنگ کے بارے میں عینی شاہدین سے تفصیلات حاصل کیں۔

(جاری ہے)

ادھر وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ،رکن قومی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی اور رکن صوبائی اسمبلی رانا لیاقت علی نے بھی گزشتہ روز ورکنگ باؤنڈری کا دورہ کیا اور بھارتی فوج کی جارحانہ کاروائیوں سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کیں وفاقی وزیردفاع نے کہا کہ پاکستانی قوم بہادر ،جرات مند اور جذبہ جہاد سے سرشار ہے بھارت سول آبادی کو نشانہ بنانے کی بزدلانہ کاروئیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتا انہوں نے کہا کہ چناب رینجرز پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے درمیان ورکنگ باؤنڈری کی نگرانی شجاعت اور بہادری سے کر رہی ہے اور بھارتی فائرنگ کا درست جواب دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تیزی سے پھیلتی ہوئی تحریک ،پاک چائینہ اقتصادی کوریڈور اور خطے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی جغرافیائی اہمیت سے خوفزدہ ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ حقیقت نظر انداز نہیں کرنی چاہیے کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے جو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے سکتا ہے۔