دہشت گردی کے مکمل صفایا کیلئے فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے،جیت صرف پاکستان کی ہوگی‘شہبازشریف

دہشت گردی کے خلاف قومی اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے،پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد ہوچکی ہے دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کیخلاف بلاامتیازسخت کارروائی کی جا رہی ہے،پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے پاک افواج کے افسران، جوانوں، پولیس حکام و اہلکاروں،سیاستدانوں اور شہریوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے شفافیت کے اعلیٰ ترین معیار قائم کئے ہیں،بد ترین مخالفین بھی ہماری حکومت سے کوئی سکینڈل منسوب نہیں کر سکتے وزیراعظم کی قیادت میں توانائی پراجیکٹس کیلئے کی جانیوالی کوششوں کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی‘وزیراعلیٰ کی لندن میں گفتگو

ہفتہ 29 اگست 2015 19:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک کو درپیش دونوں بڑے مسائل دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ سے سنجیدگی سے نمٹ رہی ہے، دہشت گردی کے خلاف قومی اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے اورپوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد ہوچکی ہے- انشاء اﷲعوام کی طاقت سے ملک سے دہشت گردی و انتہاء پسندی کے ناسور کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ کرکے دم لیں گے-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار لندن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران اور کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ غیرمعمولی صورتحال غیر معمولی اقدامات کی متقاضی ہے اور قومی و عسکری قیادت کے جرأت مندانہ فیصلے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد سے دہشت گردی وانتہاء پسندی کا خاتمہ کیا جا رہاہے اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف بلاامتیازسخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے -وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ قوم کے اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور قائدؒ اور اقبالؒ کے خوابوں کے مطابق پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ سیاسی، مذہبی اور فوجی قیادت بھی دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے ۔ اتفاق اور یگانگت کا مثالی مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز سے دہشت گردوں کو ہمیشہ کیلئے نیست و نابود کرنے کا وقت آ گیا ہے اور پوری قوم افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں ساتھ کھڑی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاک افواج کے افسران، جوانوں، پولیس حکام و اہلکاروں،سیاستدانوں اور عام شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں اور اب تک 50 ہزار سے زائد پاکستانی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں وطن پرقربان کر چکے ہیں جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی قوم میں نیا جذبہ، عزم اور بھرپور قوت موجود ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل صفایا کے لئے فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے اور یہ جنگ پاکستان کے بقا کی جنگ ہے - انشاء اﷲ ہم سب قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے اور پاکستان کو بچانے کی جنگ ہر قیمت پر جیتیں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے برسراقتدار آ کر شفافیت کے اعلیٰ ترین معیار قائم کئے ہیں اور ہمارے بدترین مخالفین بھی ہماری حکومت سے کوئی سکینڈل منسوب نہیں کر سکتے۔

توانائی بحران کے حل کے لئے کی جانے والی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں حکومت نے 2برس کے دوران بجلی کے پراجیکٹس کے لئے جتنی سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں کی ہیں اس کی مثال ملک کی تاریخ میں نہیں ملتی-چین اور دیگر دوستوں ملکوں کے تعاون سے توانائی کے متعددمنصوبے زیر تکمیل ہیں اور 2017تک توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے 5ہزار میگا واٹ بجلی کی پیداوار کا آغاز ہو جائے گا-

متعلقہ عنوان :