ٹاؤن بھر میں انسداد ڈینگی کے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم جاری رکھی جائے‘صوبائی سیکرٹری کو آپریٹو

تمام محکمے اجتماعی کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈینگی کے خاتمہ کے لئے تیز تر اقدامات کریں تا کہ کسی بھی مقام پر لاروا پرورش نہ پا سکے

ہفتہ 29 اگست 2015 19:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء ) صوبائی سیکرٹری کوآپریٹو بابرحیات تارڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی کی ہدایت کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھرمیں ڈینگی کے تدارک کے لئے حفاظتی انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں ،اقبال ٹاؤن کی تمام یونین کونسلوں میں صفائی کے انتظامات کو فوقیت دی جا رہی ہے - انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اجتماعی کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈینگی کے خاتمہ کے لئے تیز تر اقدامات کریں تا کہ کسی بھی مقام پر لاروا پرورش نہ پا سکے- انہوں نے کہا کہ ٹاؤن بھر میں انسداد ڈینگی کے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم جاری رکھی جائے- انہوں نے کہا کہ وضع کردہ پلان پر موثر عملدرآمد کیا جائے-بابر حیات تارڑ نے کہا کہ ڈینگی کے مرض کے تدارک کے لئے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی- غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی- انہوں نے کہا کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پر بھرپور توجہ دی جائے- انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی جدید ٹیکنالوجی سے مانیٹرنگ کی جائے ، ٹائروں کی دکانوں ، قبرستانوں ، زیر تعمیر عمارتوں اور کباڑخانوں کی باقاعدہ چیکنگ جاری رکھی جائے اور نشیبی علاقو ں سے پانی کا فوری نکاس کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :