وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس

این ایچ اے کی جانب سے این ایچ اے روڈ پورٹ فولیو پراجیکٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ہائی وے اتھارٹی کے تحت بے مثال انفراسٹرکچر کی سرگرمیوں کی تکمیل سے پاکستان میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے کراچی اور گوادر تک علاقے کی تقدیر بدل جائے گی، این ایچ اے مشرق وسطیٰ تک پاکستان کے شاہراتی انفراسٹرکچر کو وسعت دینے کیلئے جامع منصوبہ تیار کرے، تمام اہم منصوبے دسمبر 2017ء سے قبل مکمل کئے جائیں وزیراعظم محمد نواز شریف کی این ایچ اے کو ہدایت

ہفتہ 29 اگست 2015 19:01

اسلام آباد ۔ 29 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تحت بے مثال انفراسٹرکچر کی سرگرمیوں کی تکمیل سے پاکستان میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے کراچی اور گوادر تک کے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی، این ایچ اے مشرق وسطیٰ تک پاکستان کے شاہراتی انفراسٹرکچر کو وسعت دینے کیلئے جامع منصوبہ تیار کرے، تمام اہم منصوبے دسمبر 2017ء سے قبل مکمل کئے جائیں۔

ہفتہ کو وزیراعظم محمد نوازکی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں این ایچ اے کی جانب سے این ایچ اے روڈ پورٹ فولیو پراجیکٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا ستمبر 2015ء کے آخر تک اس ان منصوبوں کے تحت ایک ارب ڈالر کی نجی شعبہ سے سرمایہ کاری کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا اور مجموعی طور پر مواصلاتی نیٹ ورک کی تعمیر کی سرگرمی کا جی ڈی پی میں ایک فیصد سے 1.5 فیصد تک حصہ ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ مجوزہ اور زیر تعمیر منصوبوں کی تکمیل سے حالیہ موٹروے نیٹ ورک میں 1272 کلومیٹر کا اضافہ ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبے بشمول پاک۔چین اقتصادی راہداری منصوبے تمام صوبوں میں پھیلے ہوں گے اور پورے ملک کو ان سے فائدہ حاصل ہو گا۔ وزیراعظم نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ تمام منصوبے دسمبر 2017ء سے قبل مکمل کرے اورجن منصوبوں کی اس سے قبل تکمیل ہونی ہے انہیں شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایک جامع منصوبہ تشکیل دیا جائے جس میں پاکستان کے روڈ انفراسٹرکچر کو پہلے مرحلہ میں مشرق وسطیٰ سے ملایا جائے جبکہ بعد ازاں اسے جنوبی ایشیاء تک وسعت دی جائے۔ وزیراعظم نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ ایسے علاقے جو قبل ازیں ہائی وے اور موٹروے نیٹ ورکس کے ساتھ منسلک نہ ہوں ان علاقوں میں شاہراہوں کی تعمیر کیلئے منصوبہ تیار کیا جائے۔ وزیراعظم نے این ایچ اے کے کام میں معیار کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ شاہراہوں کی تعمیر میں عالمی معیار کو برقرار رکھیں۔