سندھ پر حملے کی بات قائم علی شاہ کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے ، ان کو کوئی تحفظات تھے تو ایپکس کمیٹی میں بیان کرتے ،کراچی آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں

وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کی ذوالفقار مرزا کے والد کے انتقال پر تعزیت کے موقع پر گفتگو

ہفتہ 29 اگست 2015 18:50

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء ) وفاقی وزیر پٹرولیم قدرتی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سندھ پر حملے کی بات وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے ، اگر ان کو کوئی تحفظات تھے تو ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بیان کرتے ،کراچی میں امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث آپریشن شروع کیا گیا ، آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔

ہفتہ کو وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے ذوالفقار مرزا سے ان کی رہائش گاہ پر والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے ذوالفقار مرزا کے مرحوم والد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی ، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے شروع کیا گیا ۔

کرپشن ہر دور میں ہوتی رہی ہے کسی ایک کو نشانہ بنانے کا تاثر درست نہیں ، سندھ پر حملے کی بات وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے ۔ کرپٹ عناصر کے خلاف پورے ملک میں کارروائی ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ سندھ کو کوئی تحفظات ہیں تو وہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بیان کرتے ، کراچی میں امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث آپریشن شروع کیا گیا جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں