بھارت نے حملہ کیا تو منہ توڑ جواب دینگے ‘ ہندوستان کو 65ء کی جنگ سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑیگا‘ وہ خوش فہمی میں نہ رہے ‘ دفاع کرنا جانتے ہیں ‘وزیر دفاع خواجہ آصف کی سیالکوٹ میں بھارتی جارحیت سے زخمی افراد کی عیادت کے موقع پر گفتگو

ہفتہ 29 اگست 2015 18:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت نے حملہ کیا تو اس کا منہ توڑ جواب دیں گے ‘ بھارت کو 65ء کی جنگ سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔ بھارت خوش فہمی میں نہ رہے ‘ دفاع کرنا جانتے ہیں ۔ ہفتہ کو خواجہ آصف نے سی ایم ایچ سیالکوٹ کا دوہ رہ کیا جہاں پر انہوں نے بھارتی جارحیت سے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات دی جائیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خواجہ محمد آصف نے کہاکہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا بھارت کی بزدلی ہے۔ اگر اس نے مسلسل جنگ مسلط کی تو پھر اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ پاکستان اپنا دفاع کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب اگر جنگ ہوئی تو بھارت کو 1965ء کی جنگ سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے اور اسے سبق سکھا دیں گے۔ وزیر دفاع نے کہاکہ بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے 9 افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوئے۔ اب بھارتی جارحیت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا وقت آ گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :