کراچی ،سیالکوٹ میں بھارتی فوج کی گولہ باری مسلم لیگ سندھ کا احتجاجی مظاہرہ

مظاہرین نے بھارتی وزیراعظم نریندرسنگھ مودی اور بھارتی سیاستدانوں کے پتلے نذرآتش کئے

ہفتہ 29 اگست 2015 18:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ سندھ کے تحت سیالکوٹ بھارتی گولہ باری سے8پاکستانیوں کی شہادت اور چالیس سے زائد زخمی ہونے پر کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، بھارتی وزیراعظم نریندرسنگھ مودی اور بھارتی سیاستدانوں کے پتلے نذرآتش کیے گئے۔ہرپال ،چیراڈاور چاروسیکٹر کے دیہات کوبلااشتعال نشانے بنانے پرمظاہرے میں شریک لوگوں نے بھارت کے خلاف نعرے بازی کرنے کے ساتھ شدید غم وغصے کااظہار کیا اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرے میں مسلم لیگ ق یوتھ ونگ ،لیبر ونگ ،لیڈیزونگ ،لائرونگ،منارٹی ونگ ،علماء ونگ اوردیگر زیلی ونگز کی جانب سے شرکت کی گئی ،کارکنوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر بھارت کے خلاف احتجاجی جملے درج تھے ،جبکہ دیگر پلے کارڈز پر پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد کے نعرے درج تھے ،مسلم لیگ سندھ کے صدرحلیم عادل شیخ نے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ پیغام دینے آئے ہیں کہ ہماری فوج اس جنگ میں اکیلی نہیں ہے، صرف بھارتی رہنماؤں کے علامتی پتلے جلانے تک محدود نہیں ہیں بلکہ ہم اپنی فوج کے ساتھ باضابطہ ہتھیاراٹھاکر دشمن کے خلاف لڑنے کو بھی تیار ہیں ،مسلم لیگ کے رہنماؤں میں نعیم عادل شیخ ،عبداللطیف رند،نصیب اﷲ اچکزئی ،نفیس حیدر،حضرت علی ،ارشاد قائم خانی،جمیلہ بلوچ اوردیگر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہمارے سرپھرے پاکستانیوں سے پنگا نہ لو جس انداز میں انہوں نے ہماری خواتین ،بزرگو ں اور بچوں کو نشانہ بنایا چالیس سے زیادہ ذخمی اور 8 شہریوں کی جان لی ہے ہم ان کو بتادینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی حدود میں رہیں ہم انہیں ان کی چتائیں جلانے کا موقع بھی نہہں دینگے ،انہوں نے کہا کہ بھارت نے کل ہی سرکاری دہشت گردی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے ،بلکہ وہ پاکستان میں مستقل طریقے سے دہشت گردی کررہاہے ،بھارت جن پندرہ لوگوں کو زکر کرتا ہے وہ اس بات کو بھول رہاہے کہ اگر ہمارے پندرہ ہزار بھی سرپھرے پاکستانیوں نے ہتھیار اٹھایاتو پوری بھارتی سرکار کا بیڑہ غرق کردینگے ۔

بھارت جنگ مسلط کرنے کا سوچے بھی نہیں اگر اس نے غلطی کی تو ان کی فوج کے جوانوں کے چھیتڑے یہاں سے جائینگے ۔ ہمارے سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر ملک کی حفاظت اور دشمن سے ٹکرانے کے لیے ہم سب ایک ہیں ۔اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف شدید غم و غصہ موجود رتھا جس انہوں نے بھارتی رہنماؤں کے پتلوں پر جوتے برسائے اور ترنگا جلاکر بھارت کو شدید الفاظ میں پیغام پہنچایا گیا۔