اگر پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی تو دشمن کو ناقابل برداشت قیمت ادا کرنا پڑے گی‘منظوراحمد وٹو

ہندوستان اور پاکستان دونوں کے پاس اچھے ہمسایوں کی طرح رہنے کے علاوہ اور کوئی چارہ کار نہیں ہے ‘صدر پیپلزپارٹی پنجاب

ہفتہ 29 اگست 2015 17:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء ) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے پیپلز پارٹی کی طرف سے ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال گولہ باری کی سخت مذمت کی ہے جس سے کئی معصوم جانیں لقمہ اجل بن گئیں اور تقریباً 100 سے زائد زخمی ہوئے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے پارٹی کی طرف سے دلی تعزیت کی اور کہا کہ ہندوستان کی اِن بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے جارحیت کو شکست دینے کے لیے اور مضبوط ہونگے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر ہندوستان کی خلاف ورزیاں ایک مقصد کے تحت کی جارہی ہیں تا کہ پاکستانی قوم اور فوج کی توجہ دہشتگردی اور انتہاء پسندی سے ہٹائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کو ’’ضرب عضب‘‘ آپریشن کی دہشتگردوں کے خلاف کامیابیاں ہضم نہیں ہو رہی ہیں اور وہ اس طرح کی کارروائیاں بوکھلاہٹ اور انتہائی مایوسی کے عالم میں کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح ہندوستان دہشتگردوں کی حمایت کر کے اس خطے کے امن اور سلامتی کے خلاف ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کام لے رہا ہے لیکن اس کو ہرگز اسکی کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر اس تاثر کے تحت پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی تو دشمن کو ناقابل برداشت قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ انہوں نے یاددلایا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کیا تھا اور آج دشمن کا کوئی علاقہ بھی پاکستان کے ڈلیوری سسٹم کے ہدف سے باہر نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہندوستان اور پاکستان دونوں کے پاس اچھے ہمسایوں کی طرح رہنے کے علاوہ اور کوئی چارہ کار نہیں ہے کیونکہ ایٹمی جنگ کی صورت میں دونوں ملک ایک تابکاری ڈھیر میں بدل جائیں گے جہاں زندگی عذاب ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو لوگوں کے ازلی دشمن غربت، جہالت، بیماری اور شہری سہولتوں کی فراہمی پر اپنے مالی وسائل وقف کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی چوہدراہٹ کی ازلی خواہش اس کو آخر کار لے ڈوبے گی۔

متعلقہ عنوان :