ملک میں امن قائم ہونے کے بعد بیرون ممالک سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں ‘ انجینئر خرم دستگیر

خام مال کی بجائے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کرنے کی خواہشمند ہیں ،ریڈی میڈ گارمنٹس سیکٹر کی برآمدات میں اضافہ ہوا پاکستان کی بنیادی ٹیکسٹائل برآمدات میں کمی چین کی اقتصادی سست روی کا نتیجہ ہے‘ وفاقی وزیر تجارت کی نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 29 اگست 2015 17:54

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ملک میں امن قائم ہونے کے بعد بیرون ممالک سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں ،حکومت خام مال کی بجائے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کرنے کی خواہشمند ہیجس سے نہ صرف یہ سیکٹر ترقی کرے گابلکہ اس سے روزگا رکے مواقع بھی پیدا ہوں گے ،پاکستان کی بنیادی ٹیکسٹائل برآمدات میں کمی چین کی اقتصادی سست روی کا نتیجہ ہے ،ریڈی میڈ گارمنٹس سیکٹر کی برآمدات میں اضافہ ہوا ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گزشتہ روز لاہور ایکسپو سنٹر میں14ویں ٹیکسٹائل ایشیاء انٹر نیشنل تجارتی نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر تجارت نے بتایا کہ نمائش میں 300غیر ملکی شریک وفود شریک ہوئے ہیں جبکہ اس نمائش میں جدید مشینری اور مصنوعات کے 700سٹالز لگائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بیرونی وفود نے بر ملا کہا ہے کہ پاکستان ان کو پر امن ملک نظرآیا ہے اوریہاں کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اس نمائش سے بیرونی دنیا میں پاکستان کا روشن اور پر امن تاثر ابھرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروبار اور معیشت کی ترقی کے لئے امن کا قیام نا گزیر ہے اور پاک فوج سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات کے باعث ملک میں امن قائم ہواہے جس سے بیرون ممالک سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔انہوں نے ٹیکسٹائل برآمدات میں کمی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا ٹیکسٹائل سیکٹر کے خام مال کی برآمدات میں کمی واقع ہوئی ہے اور اس کی بنیادی وجہ چین کی معیشت کی سست روی ہے تاہم وہاں بہتری سے یہاں بھی مثبت اثرات پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خام مال کی بجائے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کرنے کی خواہشمند ہے اور اس کے لئے جدید مشینری بھی منگوائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ نمائش سے پاکستان میں ٹیکسٹائل گارمنٹس کی ڈیجیٹل پرنٹنگ کے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ریڈی منٹس گارمنٹس کی برآمدات بڑھ رہی ہیں اور ایکسپورٹ بڑھنے سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔نمائش میں شرکت کے لئے آئے ہوئے غیر ملکی وفود نے نمائش کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان کا سفر کر کے بڑی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ پاکستان میں امن و امان کی بہتر ین صورتحال ہے ۔

متعلقہ عنوان :