بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آتا جا رہا ہے، راجہ محمد صدیق

شہری آبادی پر اندھا دھند بمباری جیسے مکروہ عمل پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک ہے․ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کمان کرنے والے جنرل راحیل شریف کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے،صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 29 اگست 2015 17:39

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آتا جا رہا ہے ․ شہری آبادی پر اندھا دھند بمباری جیسے مکروہ عمل پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک ہے․ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کمان کرنے والے جنرل راحیل شریف کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے․یہ بات ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر اور سابق وزیر راجہ محمد صدیق نے اپنی رہائشگاہ پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی․ راجہ محمد صدیق نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان بڑا مسئلہ مسئلہ کشمیر کا ہے اور اس مسئلے کا حل نکالنے کے لیے دونوں ملکوں کے ساتھ آر پار کی کشمیری قیادت کو بھی بات چیت کا حصہ بنانا ضروری ہے․ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کی قسمت کا فیصلہ کیا جانا ہے ان کو مذاکرات کے عمل سے علیحدہ رکھنے کی بھارتی خواہش احمقانہ پن کے سوا کچھ نہیں ہے․ کشمیری قیادت سے ملاقات کی روایت بہت پرانی ہے اور اب اس کو جواز بنا کر مذاکرات سے راہِ فرار اختیار کرنابھارتی دہشت گردی کا کھلا ثبوت ہے․ پاکستان میں دہشت گردی کی ٹوٹتی کمر اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائی میں راء کے ایجنٹوں کا پکڑا جانا ہندوستان کی حواس باختگی کا باعث ہے․ بلوچ قوم پرستوں کی جانب سے آزاد بلوچستان کے نعرے سے دست برداری اور سندھ خصوصاً کراچی میں امن بھارت سے برداشت نہیں ہو رہا․ خود بھارت میں امن و امان کی صورتِ حال اچھی نہیں ہے اور وہاں کے محروم طبقے میں احساسِ محرومی بڑھ رہا ہے جس سے توجہ ہٹانے کے لیے مودی سرکار جنگی جنون کو ہوا دے رہی ہے․ راجہ محمد صدیق نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ نہ صرف کشمیر پر اپنی قرار دادوں پر عمل درآمد کروائے بلکہ کنٹرول لائن اور ورکنگ باوٴنڈری پر حالیہ بھارتی جارحیت کو لگام دینے میں بھی اپنا کردار ادا کرے․ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اندرونی مسائل پر جلد ہی قابو پا لیں گے اور اس کے بعد بھارت سے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک بات چیت کریں گے۔