سرحد پر گولہ باری ضرب عضب آپریشن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے‘ازلی دشمن بھارت امن کی زبان نہیں سمجھتا‘ مسئول محمد راشد

پاکستان کو بھارتی جارحیت کا مسئلہ اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر اٹھانا چاہیے اوراس کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا چاہیے

ہفتہ 29 اگست 2015 17:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے مسئول محمد راشدنے کہا ہے کہ سرحد پر گولہ باری ضرب عضب آپریشن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ ازلی دشمن بھارت امن کی زبان نہیں سمجھتا۔کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور نہتے شہریوں پر فائرنگ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششیں برداشت نہیں ہورہیں۔

اس کی پوری کوشش ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں امن قائم نہ ہو۔ حریت لیڈروں کو ملاقات کی دعوت دیے جانے کا بہانہ بنا کر مذاکرات کی میز سے بھاگ جانا اس بات کی دلیل ہے کہ وہ پاکستان سے مذاکرات میں کسی طور سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھارتی جارحیت کا مسئلہ اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر اٹھانا چاہیے اوراس کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے طلبا یہ عہد کرتے ہیں کہ وہ دفاعِ وطن کے لئے ہر دم تیار ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مسئول المحمدیہ سٹوڈنٹس محمد راشد نے کہا کہ طلبا میں دفاع پاکستان کے حوالہ سے شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ خطہ میں موجود بھارت اور دیگر ملک دشمن طاقتوں کے لئے یہاں قائم ہوتا امن اور خوشحال ہوتی معیشت قابل قبول نہیں ہے۔