بھارتی جارحیت کے خلاف قوم میں 65ء والا جذبہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے: جماعةالدعوة پاکستان

بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر فائرنگ اور گولہ باری کھلا اعلان جنگ ہے جس پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے

ہفتہ 29 اگست 2015 17:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) جماعةالدعوة پاکستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف قوم میں 65ء والا جذبہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ہندوستان بیرونی قوتوں کی شہ پر سرحدوں پر فائرنگ اور گولہ باری کر رہا ہے۔ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے پشت پر کھڑی ہے اور کسی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

اپنے مشترکہ بیان میں جماعةالدعوة سیاسی امو رکے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ، مولانا ابو الہاشم اور حافظ خالد ولید نے کہاکہ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت اور بہترین میزائل ٹیکنالوجی کا حامل ملک ہے۔ بھارت جیسا بزدل دشمن سرحدوں پر فائرنگ کے ذریعہ نہتے شہریوں کو نشانہ بناکر اور اپنی فوج کی تعداد بڑھا کر پاکستان کودھمکانے کی کوششوں میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

پوری پاکستانی قوم کے حوصلے بلند ہیں اور اس کا بچہ بچہ سیسہ پلائی دیوار بن کر افواج پاکستان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر فائرنگ اور گولہ باری کھلا اعلان جنگ ہے جس پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے۔ آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں ملک سے ہندوستان کی تخریب کاری و دہشت گردی کے خاتمہ اور تحریک آزادی کشمیر کو دن بدن مضبوط ہوتا دیکھ کر وہ سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

وہ دہشت گردی خود کر رہا ہے اور پروپیگنڈا پاکستان کے خلاف کیا جارہا ہے۔مشرقی سرحدوں پر بھارتی جارحیت اور افغانستان سے دہشت گردوں کو تربیت دیکر پاکستان داخل کرنے کی سازشیں ایک ہی سلسلہ کی کڑی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور مقبوضہ کشمیر میں آئے دن پاکستانی پرچم لہرائے جانے پر بھارت سرکار سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور کنٹرول لائن پر فائرنگ جیسی مذموم حرکتیں کی جارہی ہیں تاہم انڈیا کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ وہ ایسی بزدلانہ حرکتوں سے پاکستان کو دباؤ میں لانے کی کوششوں میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔