قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی گورچانی کا پنجاب اسمبلی کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس

ہفتہ 29 اگست 2015 16:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے پنجاب اسمبلی کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اہم اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں سیکرٹری اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر،چیف سیکورٹی آفیسر اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سردار شیر علی خان گورچانی نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران سخت سیکورٹی کے احکامات جاری کئے،اجلاس کے میں طے کیا گیا کہ اسمبلی احاطہ میں گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی رکھی جائے گی مہمانوں کا داخلہ بند رہے گا جبکہ ایم پی اے ہاسٹل،پیپل ہاؤس،سپیکر ہاؤ س اور ڈپٹی سپیکر ہاؤس میں فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کا یقینی بنانے کی ہدایات بھی دی گئی ۔

صحافی حضرات،اسمبلی سٹاف اور دیگر سرکاری ملازمین، پنجاب اسمبلی کی طرف سے جاری کردہ کارڈ نمایاں طور پر آویزاں کریں ،کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے داخلہ پر مکمل طور پر پابندی عائد ہو گی۔ سردار شیر علی خان گورچانی نے سیکورٹی کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔اسمبلی اجلاس کے دوران اور بعد ازاں بھی سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔