عوامی شرکت کے بغیر آلودگی پر قابو پانا ممکن نہیں، ہرشہری اپنے حصے کا پودا لگائے، وزیرجنگلات

ہفتہ 29 اگست 2015 16:07

لاہور ۔29اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء)حکومت مون سون شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہرممکن وسائل و توانائیاں صرف کر رہی ہے لیکن تیزی سے بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے بھرپور عوامی شرکت ناگزیر ہے-اپنی آئندہ نسلوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے ابھی سے منصوبہ بندی کرنا ہو گی اور ہرشہری کو آگے آکر اپنے حصے کا پودا لگا کراپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی ۔

صوبائی وزیر جنگلات ملک محمد آصف بھا اعوان نے یہ بات اپنے دفتر میں مون سون شجرکاری مہم کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر محکمہ جنگلات کے تمام اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے اجلاس میں موجود افسران پر زور دیا کہ وہ مون سون شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے میں اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے 31دسمبر تک 90لاکھ پودے لگانے کا ہدف ہرصورت پورا کریں۔

(جاری ہے)

ملک محمد آصف بھا نے کہاکہ مون سون شجرکاری مہم کے تحت صوبہ بھر میں قائم محکمہ جنگلات کی 191نرسریوں میں وافر تعداد میں پودے موجود ہیں اور ارزاں نرخوں پر حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اب تک صوبہ بھر میں ساڑھے 6لاکھ سے زائد پودے لگائے جاچکے ہیں اور محکمہ تعلیم ، صحت اور ڈیفنس کے اداروں کو پودے مفت فراہم کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سرکاری جنگلات پر 37لاکھ 50ہزار، دیگر سرکاری اداروں کی اراضی پر 6لاکھ، ڈیفنس کے اداروں کیلئے 4لاکھ جبکہ پرائیویٹ زمینوں پر 42لاکھ 50ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے اور تمام ادارے مقررہ اہداف کو پورا کرنے میں کوشاں ہیں۔