باغ ڈھیرئ ایریگیشن چینل منصوبے میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گی ، محمود خان

ہفتہ 29 اگست 2015 16:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء)خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان نے ہفتہ کے روز 25 کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر باغ ڈھیرئ ایریگیشن سکیم مٹہ سوات پر تعمیراتی کام کا اچانک معائنہ کیااُن کے ہمراہ سپرنٹنڈنگ انجینئر سوات سرکل شفیق الرحمن ،ایگزیکٹیو انجینئر ایریگیشن ڈویژن سوات ملک وسیم ،تحصیل کونسلر ڈاکٹر امجد کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام اور اہلکار بھی موجود تھے اس موقع پر ایس ای سوات سرکل نے صوبائی وزیر کو باغ ڈھیرئ اسکیم پر کام کی رفتار کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ انشاء اللہ دو سال کے د وران مکمل کیا جائیگا جس سے تقریباً 9 ہزار ایکڑ بنجر اور ناقابل کاشت اراضی سیراب اور قابل کاشت ہو جائے گی اس کے علاوہ اس اسکیم میں پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ بھی شامل ہے صوبائی وزیر محمود خان نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس منصوبے کو بروقت تکمیل کیلئے اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لائے اس منصوبے کی تکمیل سے زیادہ سے زیادہ کاشتکاروں زمینداروں کو فائدہ حاصل ہو سکے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت صوبے میں غیر آباد اور بارانی زمینوں کو قابل کاشت بنانے اور سیراب کرنے کا پختہ عزم کر چکی ہے اس مقصد کے حصول کیلئے صوبے کے مختلف مقامات پر سمال ڈیمز کے ساتھ ساتھ مختلف ایریگیشن چینلز تعمیر کر رہی ہے تاکہ صوبہ زرعی پیداوار اور غذائی اجناس میں خود کفیل ہو سکے انہوں نے کہا کہ عوام کے فلاح و بہبود کے منصوبوں میں کسی قسم کی سست روی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اس موقع پر صوبائی وزیر نے کنسلٹنٹ کو حکم دیا کہ وہ سمبٹ کے مقام پر نہر کو شارٹ روٹ پر لے آئیں تاکہ رہائشی آبادی کو محفوظ بنانے کیساتھ ساتھ لاگت میں بھی کمی آئے ۔