کراچی میں وکیل کے قتل کیخلاف وکلا کا عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ

ہفتہ 29 اگست 2015 16:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) گزشتہ روز ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہونے والے وکیل امیر حیدر شاہ کے قتل کے خلاف ہفتہ کوکراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایڈووکیٹ امیر حیدرشاہ کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف وکلاء کی جانب سے ہفتہ کوعدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا۔ وکلاء نے سٹی کورٹ سے رینجرز ہیڈکوارٹر تک ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔

اس سے قبل وکلا نے سٹی کورٹ کی تالہ بندی کر کے تمام عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا۔اور کسی سائل کو عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں دی۔ وکلا نے جنرل باڈی اجلاس بھی منعقد کیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ امیرحیدرشاہ ایڈووکیٹ کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔وکلا کی جانب سے امیرحیدرشاہ ایڈووکیٹ کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ میں سیشن ججز اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وکلاء برادری سے خطاب کرتے ہوئے کراچی بار کے صدر نعیم قریشی ایڈووکیٹ نے امیر حیدر ایڈووکیٹ کے قاتلوں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ وکلاء کی ہڑتال کے باعث ہفتہ کو ہونے والے کیسز کی سماعت ملتوی کردی گئی جس کے باعث دور دراز سے آئے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب پاکستان بار کونسل نے بھی کراچی بار ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے پیر کو ملک بھر میں عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ ایڈووکیٹ امیر حیدرشاہ کو گزشتہ روز حسن اسکوائر کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا، امیر حیدرشاہ کراچی بار کے جوائنٹ سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :