حساس اداروں کاکراچی میں فلاحی سرگرمیوں کی آڑ میں دہشت گردوں کی معاونت کرنیوالی فلاحی تنظیموں کیخلاف کریک ڈاوٴن کا فیصلہ

ہفتہ 29 اگست 2015 15:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء)حساس اداروں نے کراچی میں فلاحی سرگرمیوں کی آڑ میں دہشت گردوں کی معاونت کرنے والی فلاحی تنظیموں کے خلاف کریک ڈاوٴن کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔یہ فلاحی ادارے اپنے ایمبولینس اور دیگر سروسز کے ذریعہ ٹارگٹ کلنگ ،اسلحہ کی منتقلی ،اغواء برائے تاوان اور لاشوں کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں ۔حساس اداروں نے اس حوالے سے تمام ہوم ورک مکمل کرلیا ہے ۔

جبکہ فلاحی تنظیموں میں کام کرنے والے اہلکار ٹارگٹ کلرز کے ساتھ مل کر ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے مخبریاں بھی کرتے رہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق کراچی میں دہشت گردی کی سنگین ترین وارداتوں میں ریسکیو اداروں کا کردار سامنے آیا ہے ۔ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ انہیں لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے میں شہر میں کام کرنے والے ریسکیو اداروں میں کام کرنے والے رضا کار ان کو مدد فراہم کرتے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ اسلحہ کی منتقلی ،اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں مغویوں کو ان اداروں کی ایمبولینسوں کے ذریعہ محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاتا تھا ۔ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ بہت سی نامعلوم لاشیں پرائیویٹ سردخانوں سے براہ راست میڈیکل یونیورسٹیز کے طلباء کی تحقیق کے لیے ان یونیورسٹیز کو فروخت کردی جاتی تھیں اور ان کی شناخت کا کوئی سوال ہی نہیں پیدا ہوتا تھا ۔

اس تمام عمل میں اسپتالوں کے ایم ایل او اور ڈیوٹی افسران بھی ملوث ہوتے ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ ان ملزمان نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ چرم قربانی ،فطرے اور زکوة کے حوالے سے ان ریسکیو اداروں کو خصوصی ٹاسک دیا جاتا ہے ۔مختلف جرائم سے حاصل ہونے والی یہ رقم شہر میں بدامنی اور افرا تفری پھیلانے کے لیے استعمال کی جاتی ہے ۔