پنجاب اسمبلی کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اہم اجلاس

ہفتہ 29 اگست 2015 14:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) قائمقام اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے پنجاب اسمبلی کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اہم اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں سیکرٹری اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر،چیف سیکورٹی آفیسر اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سردار شیر علی خان گورچانی نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران سخت سکیورٹی کے احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے میں طے کیا گیا کہ اسمبلی احاطہ میں گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی رکھی جائے گی مہمانوں کا داخلہ بند رہے گا جبکہ ایم پی اے ہاسٹل،پیپل ہاؤس،سپیکر ہاؤ س اور ڈپٹی سپیکر ہاؤس میں فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کا یقینی بنانے کی ہدایات بھی دی گئی ۔صحافی حضرات،اسمبلی سٹاف اور دیگر سرکاری ملازمین، پنجاب اسمبلی کی طرف سے جاری کردہ کارڈ نمایاں طور پر آویزاں کریں ،کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے داخلہ پر مکمل طور پر پابندی عائد ہو گی۔ سردار شیر علی خان گورچانی نے سکیورٹی کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔اسمبلی اجلاس کے دوران اور بعد ازاں بھی سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔