پاکستان علماء کونسل انتہاء پسندی ،دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف ایک مضبوط آواز بن چکی ہے‘ طاہر محمود اشرفی

ہفتہ 29 اگست 2015 14:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) پاکستان علماء کونسل انتہاء پسندی ،دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف ایک مضبوط آواز بن چکی ہے، یکم اگست سے شروع کی جانے والی ”ندائے پاکستان“ میں ملک کے تمام محروم اور مظلوم طبقوں اور عوام الناس کی بھر پور شمولیت اس بات کا واضح اظہار ہے کہ پاکستان میں امن ، سلامتی ، استحکام کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمودا شرفی نے لاہور میں ندائے پاکستان مہم میں شریک تمام مکاتب فکر اور مذاہب کے نمائندوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے حقوق کا تحفظ حکومت اور مسلمانوں کی ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

کسی گروہ یا جماعت کویہ اختیار نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنی سوچ کو دوسرے مسالک اور مذاہب پر مسلط کرے ۔

انہوں نے کہا کہ ندائے پاکستان مہم کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ مساجد ، مدارس اور مذہبی مراکز سے اس آواز کو بلند کیا جائے کہ امن اور سلامتی ، انصاف اور جینے کا حق ہر پاکستانی کے لیے برابر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ندائے پاکستان مہم کے تحت ملک بھر میں تیس اجتماعات منعقد کیے گئے جن میں تمام مذاہب اور مسالک کی قیادت شریک ہوئی ۔ مدارس اور مساجد سے متصل علماء اور طلباء نے قیام پاکستان اور نظریہ پاکستان پر اپنا موقف پیش کیا اور ایک طویل عرصہ کے بعد یوم پاکستان پر مدارس اور مساجد میں پاکستانی پرچم کو لہرا کر اپنے وطن سے جس عقیدت اور محبت کا اظہار کیا گیا وہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ندائے پاکستان مہم کے اثرات عوامی سطح پر مرتب ہوئے ہیں۔

پاکستان علماء کونسل اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انتہاء پسندی کا خاتمہ ضروری ہے اور جب تک انتہاء پسندانہ سوچ اور رویوں پر قابو نہیں پایا جائے گا دہشت گردی ختم نہیں ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ ندائے پاکستان مہم میں شریک ہونے والے تمام مذاہب اور مکاتب فکر کے قائدین کے ممنون ہیں کہ انہوں نے ملک کے اندر اتحاد و یکجہتی کی فضا کو پیدا کرنے اور انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان علماء کونسل کا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ندائے پاکستان مہم جاری رکھی جائے گی اور یکم ستمبر سے 10ستمبر تک عشرہ دفاع پاکستان منایا جائے گا۔ اس موقعہ پر مولانا زاہد محمود قاسمی ، مولانا ایوب صفدر ، مولانا عبد الحمید وٹو ، حافظ محمد امجد ، مولانا شبیر احمد عثمانی ، پادری عموائیل کھوکھر ، سردار بشن سنگھ ، ڈاکٹر رامیش کمار ، مولانا غلام اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :