چند پاکستانی سیاست دان کالی بھیڑیں ہیں،ملک کی ترقی نہیں چاہتے؛پاکستان میں سابق امریکی سفیرکیمرون منٹر کا انکشاف

ہفتہ 29 اگست 2015 13:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) پاکستان میں امریکا کے سابق سفیر کیمرون منٹر نے انکشاف کیا ہے کہ چند پاکستانی سیاست دان اور کاروباری حضرات ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں دیکھنا نہیں چاہتے تاہم اس کے باوجود پاکستان کا تابناک مستقبل دیکھ رہا ہوں ،پاک چین اقتصادی راہداری سے خطے میں خوشحالی آئے گی اس سے خطے کے دوسرے ممالک کو بھی فائدہ پہنچے گا،پاک بھارت تناؤ سے متعلق تشویش ہے ،دونوں ممالک کو خطے میں پائیدار امن کیلئے تمام مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں”ون بیلٹ ون روڈ“ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سابق امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کالی بھیڑوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے کچھ کاروباری لوگ اورسیاستدان ترقی نہیں چاہتے لیکن وہ اس ملک کے لئے پر امید اور اس کا تابناک مستقبل دیکھ رہے ہیں،پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے تاہم کچھ عناصر پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ہیں اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے سے روکا جارہا ہے ، پاک چین اقتصادی راہ داری ناصرف پاکستان کی اہمیت میں اضافہ کرے گا بلکہ اس سے خطے کے دوسرے ممالک کو بھی فائدہ پہنچے گا،کیمرون منٹر نے مزید کہا کہ جرنیلوں کو جنگ سے اور سفارت کاروں کو سفارتی میدان میں دلچسپی ہوتی ہے، دنیا میں پاکستان کے غیرمستحکم ہونے سے متعلق ڈرپایا جاتا ہے، جب وہ پاکستان میں سفارت کار تھے تو روزآنہ کئی گھنٹے سکیورٹی کی صورت حال پر غور کرتے تھے،انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تناوٴ سے متعلق پاکستان کی تشویش جائز ہے لیکن تمام مسائل کو مل کر حل کر نے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وہ صرف پاکستان کیلیے نہیں خطے کی بہتری کیلیے بات کرتے ہیں، ہمارا کام فریقین کو قریب لانا ہے مگر مسائل کا حل فریقین کو ہی نکالنا ہوگا،پاک افغان تعلقات پر بات کرتے ہوئے کیمرون منٹر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں اتارچڑھاوٴ کی کئی وجوہات ہیں، پاک افغان سکیورٹی معاملات میں بہتری کیلئے دیرپا منصوبہ بندی درکارہے، پاکستان اورافغانستان کے تعلقات میں اب بھی بہتری کی گنجائش ہے جس کے بارے میں دونوں ممالک کے سربراہان کو بات کرنی چاہیے۔