سیف سٹی منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی تشکیل دیدی گئی ہے، قومی اہمیت کے اس منصوبے پر ذمہ داری کے ساتھ قومی جذبے کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے ،موجودہ حالات کے تناظر میں سیف سٹی پراجیکٹ کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے،لاہور کے بعد صوبے کے بڑے شہروں بھی سیف سٹی کا منصوبہ شروع کیا جائے گا،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا لندن پہنچنے کے بعد بغیر آرام کئے سول سیکرٹریٹ میں ویڈیوکانفرنس سے خطاب

ہفتہ 29 اگست 2015 00:34

سیف سٹی منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی تشکیل دیدی ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28اگست۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اپنے میڈیکل چیک اپ کے لئے لندن پہنچنے کے بعد بغیر آرام کئے سول سیکرٹریٹ لاہور میں ویڈیوکانفرنس کے ذریعے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کیا، جس میں سیف سٹی پراجیکٹ کے امورپر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جرائم میں کمی کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی ضرورت ہے اور سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے شہروں کو محفوظ بنایا جائے گا اورلاہور کے بعد پنجاب کے بڑے شہروں ملتان، راولپنڈی ، فیصل آباد اورگوجرانوالہ میں بھی سیف سٹی کا منصوبہ شروع کیا جائے گا-انہوں نے کہاکہ پنجاب سیف سٹی کا منصوبہ امن عامہ کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے- پنجاب حکومت نے سیف سٹی منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی تشکیل دی ہے اوریہ اہم منصوبہ مکمل ہونے سے نہ صرف جرائم کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی بلکہ شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جاسکے گی-انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات کے تناظر میں سیف سٹی پراجیکٹ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ کو تیزرفتاری سے آگے بڑھایاجائے اور قومی اہمیت کے اس منصوبے پر ذمہ داری کے ساتھ قومی جذبے کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے -انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے مربوط انداز میں کام کریں- صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، انسپکٹر جنرل پولیس ، سیکرٹری داخلہ ، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور اعلیٰ حکام نے سول سیکرٹریٹ سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی جبکہ وفاقی سیکرٹری داخلہ اور چیئرمین نادرا راولپنڈی سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے-