عوام کو معیاری، محفوظ اشیاء خورد و نوش کی فراہمی کیلئے تمام اقدامات کئے جائینگے‘ وزیر خوراک پنجاب

ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن شروع کیا جا رہا ہے‘ بلال یاسین

جمعہ 28 اگست 2015 22:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری، محفوظ اشیاء خورد و نوش کی فراہمی کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے،ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن شروع کیا جا رہا ہے، افسران پسند و نا پسند کو بالا طاق رکھتے ہوئے کاروائی کریں کسی قسم کا پریشر قبول نہ کریں، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے کہ لوگوں کو ملاوٹ سے پاک اور اعلیٰ معیاری خوراک مہیا ہو سکے جس کیلئے پنجاب فوڈ آرڈیننس میں تبدیلیاں کر کے قید اور جرمانے کی سزاؤں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار کمشنر آفس ملتان میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری خوراک پنجاب ڈاکٹر پرویز احمد خان، ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر ساجد چوہان ، ڈائریکٹرمحکمہ خوراک پنجاب آصف بلال لودھی، کمشنر ملتان ڈویژن کیپٹن (ر) اسد اﷲ خان، ریجنل پولیس آفیسر ملتان طارق مسعود یسیٰن موجود تھے۔

(جاری ہے)

وہاڑی ، خانیوال ، لودھراں ، ڈیرہ غازی خان ، لیہ ، راجن پور اور مظفر گڑھ اضلاع کے ڈی سی اوز اور وہاڑی سے ایم پی اے میاں محمد ثاقب خورشید بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک تھے۔

صوبائی وزیر خوراک بلال یسٰین نے مزید کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف کاروائی ایک پر عزم طریقے سے شروع کی جائے۔ یہ ہمارا مذہبی ، سماجی اور اخلاقی فریضہ بھی ہے، ملاوٹ مافیا انسانی صحت اور جانوں سے کھیل رہا ہے۔ ملاوٹ شدہ اشیاء خوردنی کے استعمال سے انسان بیسیوں بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ حتیٰ کہ کئی دفعہ انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہو جاتا ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ملاوٹ مافیا نے ہمارے معاشرے کو کھوکھلا کر دیا ہے ۔عوام کو حرام، مردہ اورمضر صحت گوشت اور دیگر چیزیں کھلائی جا رہی ہیں۔ جب تک تمام متعلقہ محکمے اور افسران باہمت اور پر عزم طریقے سے کاروائی نہیں کرینگے اس وقت تک اس پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔ یہ ایک نیک کام اور کار خیر ہے اس لئے بڑھ چڑھ کر کام کرنا ہو گا۔حکومت پنجاب نے اس مقصد کیلئے ڈویژن کی سطح پر ڈویژنل ٹاسک فورس فار سیف فوڈ اور اضلاع کی سطح پر ڈسٹرکٹ فوڈ کمیٹی قائم کر دی ہے جو باقاعدگی سے انسداد ملاوٹ مہم چلائے گی اور اس ملاوٹ مافیا کو اپنے انجام تک پہنچایا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خوراک پنجاب ڈاکٹر پرویز احمد خان نے کہا کہ ڈویژنل ٹاسک فورس کا مقصد اپنے ڈویژن میں موجود اضلاع کی مانیٹرنگ کرنا اور انہیں ٹاسک دینا ہو گا ۔ جبکہ ڈسٹرکٹ فوڈ کمیٹی اپنے اپنے ضلع میں چھاپے مارے گی اوراشیاء خوردنی کی چیکنگ اور سمپلنگ کرے گی۔ ڈویژنل ٹاسک فورس کو ایم این اے یا ایم پی اے ہیڈ کرے گا۔اور ڈسٹرکٹ فوڈ کمیٹی کا سربراہ ڈی سی او ہو گا۔

اور کمیٹی میں مختلف محکموں سے دیانتدار اور اچھی کارکردگی کے حامل افسران کو شامل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اس مہم میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور تمام عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ سیکرٹری خوراک نے مزید کہاکہ یہ سارا کام عبادت کا درجہ رکھتا ہے۔ ہمیں اس کو جوش و جذبے سے کرنا ہو گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر ساجد چوہان نے کہا کہ ڈویژنل ٹاسک فورس اور ڈسٹرکٹ فوڈ کمیٹی کو پنجاب فوڈ ایکٹ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

ملاوٹ ثابت ہونے پر موقع پر کسی بھی دکان ہوٹل اور دودھ کے کنٹینرکو سیل کیا جا سکتا ہے۔اوراس کے سیمپل لیکر لیبارٹری بھجوائے جا سکتے ہیں۔ جب تک سپیشل کورٹس کا قیام عمل میں نہیں آتا اس وقت تک کیس جوڈیشل مجسٹریٹ کو بھیجے جائیں گے اور اس کی اپیل ایڈیشنل سیشن جج کے پاس ہو گی۔ جب اس مقصد کیلئے سپیشل کورٹس بن جائیں گی پھر کیس ان سپیشل کورٹس میں بھیجے جائیں گے اور اپیلیں ہائی کورٹس میں ہونگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ افسران جب چھاپے ماریں تو ان کی ویڈیو اور تصاویربھی لے لیں تاکہ اس کو ثبوت کے طور پر عدالت میں پیش کیا جا سکے۔ کسی بھی دکان یا ہوٹل وغیرہ میں اگر زائد المیعاد اشیاء موجود ہوں تو بھی اس کو سیل کیا جا سکتا ہے اور اس کے سیمپل لیکر لیبارٹری بھجوائے جا سکتے یہں۔ بہت سی چیزوں کا ظاہری معائنہ سے بھی پتہ چل جاتا ہے کہ وہ مضر صحت ہیں۔

ڈائریکٹر محکمہ خوراک پنجاب آصف بلال لودھی نے اس موقع پر کہا کہ مرغیوں کے شیڈ کو بھی چیک کیاجائے کہ وہ مردہ مرغیوں کو کیسے تلف کرتے ہیں کہیں وہ انسانوں کو تو نہیں کھلا رہے۔ اس طرح یہ بات بھی علم میں آتی ہے کہ بعض فلور ملز گندم کے آٹاکے اندر چاولوں کو شامل کر رہی ہے جو شوگرکے مریضوں کے لیے خطرناک ہے اور ملاوٹ کے زمرے میں آتا ہے لہٰذا ان کے خلاف بھی کاروائی کی جائے۔ کمشنر ملتان ڈویژن کیپٹن (ر) اسد اﷲ خان نے کہا کہ ہمیں اس انسداد ملاوٹ مہم میں شامل ہونے پر فخر ہونا چاہیے تاکہ ہم اپنی فیملی کو ان مضر صحت اشیاء خورد ونوش سے محفوظ رکھ سکیں۔

متعلقہ عنوان :