کراچی، سی این جی ،چنگ چی رکشوں کی بحالی کے لیے نیپا چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ

ہزاروں افراد کو بے روزگار نہ کیا جائے ، چنگ چی رکشوں کو ریگولرائز کیا جائے ، مظاہرین کا مطالبہ

جمعہ 28 اگست 2015 22:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسئلے کے حل اور چنگ چی و سی این جی رکشوں کی بحالی کے لیے جماعت اسلامی کراچی کے تحت جمعہ کے روز نیپا چورنگی پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،جس میں چنگ چی و سی این جی رکشوں کے روز گار سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔مظاہرے سے سابق رکن سندھ اسمبلی اور جماعت اسلامی ضلع شرقی کے امیر یونس بارائی ،بحالی روزگار و ٹرانسپورٹ کمیٹی کے صدر محمود حامد ، چنگ چی وسی این جی رکشہ ایسوسی ایشن کے صدر صفدر شاہ قادری ، شاہد مسعود،شفیق ملک ،سلیم پٹھان اور دیگر نے خطاب کیا ۔

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ اس روزگار سے وابستہ ہزاروں افراد کے روزگار کو بحال اور سی این جی و چنگ چی رکشوں کو ریگولرائز کیا جائے اور گذشتہ دنوں پولیس نے سی این جی اور چنگ چی رکشوں کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا ان کو فی الفور چھوڑ ا جائے ۔

(جاری ہے)

مظاہرے میں اعلان کیا گیا کہ اگلا مظاہرہ ہفتہ 29اگست کو 3بجے دن میٹرک بورڈ آفس چورنگی پر کیا جائے گا ۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے یونس بارائی نے کہا کہ چنگ چی کو ریگولرائز کیا جائے ،اس کی بندش مسئلے کا حل نہیں ،ٹرانسپورٹ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے مگر وہ اپنی ذمہ داری ادا کرنے پر تیار نہیں ۔ چنگ چی کی بندش سے طلبہ اساتذہ اور عوام سخت مشکلات سے دوچار ہیں ۔60ہزار افراد کو بیروزگار کرنا سراسر ظلم وزیادتی ہے ۔26سی این جی بسوں کا اعلان کرکے 16بسوں کو سڑکوں پر لانا عوام کے ساتھ مذاق ہے ۔

جماعت اسلامی سی این جی اورچنگ چی رکشہ ڈرائیوروں کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس کے حق میں قانونی اور اخلاقی طور پر مدد کرتے رہیں گے ،چنگ چی اور سی این جی رکشوں کو قانونی شکل دی جائے ۔ صفدر شاہ قادری نے کہا کہ ہم 2010سے قانون کی پاسداری کررہے ہیں اور مطالبہ کررہے ہیں کہ چنگ چی کو ریگولرائز کیا جائے مگر ہمارے مطالبے پر کان نہیں دھر ا جارہا ،ٹرانسپورٹ اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے قانونی شکل دینے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں اس کے باوجود کچھ نہیں کیا جارہا۔

عدالت نے پر مٹ کی بات کی ہے یہ نہیں کہا کہ چنگ چی نہیں چلے گی ،چنگ چی نہ چلنے کے باوجود ٹریفک جام اور سڑکیں بلاک ہیں ۔ چنگ چی کے ذریعے ہم نے 65فیصد عوام کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی ،حکومت روزگار بحال کرے اور عوام کی پریشانی کو دور کرے ۔

متعلقہ عنوان :